پاکستان کے پہلے آسٹرو ٹرف کرکٹ اسٹیڈیم کا افتتاح کردیا گیا

اپ ڈیٹ 19 نومبر 2018
لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے شاٹ کھیل کر اسٹیڈیم کا افتتاح کیا— فوٹو: اے پی پی
لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے شاٹ کھیل کر اسٹیڈیم کا افتتاح کیا— فوٹو: اے پی پی

پاکستان کی تاریخ کے پہلے آسٹرو ٹرف کرکٹ اسٹیڈیم کا صوبہ بلوچستان کے علاقے چمن میں افتتاح کردیا گیا۔

کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ شاٹ کھیل کر اسٹیڈیم کا افتتاح کیا اور اسٹیڈیم کا انتظام کرکٹ ایسوسی ایشن کے سپرد کردیا۔

اس موقع پر ملک کے پہلے آسٹرو ٹرف کرکٹ اسٹیڈیم پر چمن الیون اور قلعہ عبداللہ الیون کے درمیان ایک دوستانہ میچ بھی کھیلا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ بلوچستان میں ترقی کا دور شروع ہو گیا ہے اور بہت جلد ملک کے بڑے کرکٹرز بھی یہاں کا دورہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن کی صورتحال واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے اور ہم جہاں بھی جاتے ہیں، لوگ اچھے تعلیمی ادارے اور سڑکیں بنانے کا کہتے ہیں۔

عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ پاک فوج نے ملک بھر میں امن اور ترقی کے لیے بہت کام کیا ہے اور ہم بلوچستان کی حکومت کو مکمل سپورٹ کرتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں