وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زائد النہیان سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق دورہ یو اے ای کے درمیان ابوظہبی میں سر بنی یاس فورم کی سائڈ لائن پر وزیر خارجہ نے اپنے ہم منصب سے ملاقات کی۔

دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات کے دوران دو طرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے علاقائی معاملات پر گفتگو کی گئی۔

واضح رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 9 ویں سر بنی یاس فورم میں شرکت کے لیے 2 روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں۔

فورم کے شرکا مشرق وسطیٰ کی صورتحال تبدیل کرنے اور خطے میں امن بحالی کو کششوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اجلاس میں خطے سے متعلق اسلام آباد کے موقف کو شرکا کے سامنے رکھیں گے۔

قبل ازیں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصلہ نے بذریعہ ٹوئٹ بتایا تھا کہ شاہ محمود قریشی یو اے ای روانہ ہوگئے ہیں، جہاں وہ متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ امور اور بین الاقوامی تعاون کی جانب سے کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ اپنے دورے کے دوران وزیر خارجہ یو اے ای کی قیادت کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں