پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کے معاونین خصوصی کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جھوٹ اور یوٹرن پر چلنے والی حکومت نیا الزام دہرانے سے پہلے حقائق دیکھ لے تو یوٹرن نہ لینے پڑیں۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے رائے ونڈ میں شریف خاندان کی رہائش گاہ اور سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ہوائی سفری اخراجات کے کیس کو قومی احتساب بیورو (نیب) کو بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یوٹرن الزامات پر وزیراعظم نے فلسفہ بتادیا

وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ اعظم کے مشیر برائے میڈیا افتخار درانی کا کہنا تھا سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے 60 کروڑ روپے اپنے ہوائی سفر پر خرچ کیے اور رائے ونڈ کی سیکیورٹی پر 60 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔

اس حوالے سے مریم اورنگزیب نے شہباز شریف کے حق میں جواز پیش کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے جہاز اور ہیلی کاپٹر صرف عوامی خدمت کی ذمہ داری نبھانے کے لیے استعمال کیے۔

انہوں نے وضاحت دی کہ شہباز شریف نے بطور وزیراعلی اپنے استحقاق اور قانون کے مطابق یہ سہولت لی جبکہ سول ایوی ایشن نے پنجاب حکومت کا جہاز ناقابلِ پرواز قرار دیا تھا، تاہم وہ قومی بچت کی خاطر زندگی کا خطرہ مول لے کر پھر بھی اسے استعمال کرتے رہے۔

سابق وفاقی وزیراطلاعات نے بتایا کہ شہباز شریف نے استحقاق کے باوجود 4 ارب مالیت کا نیا ہیلی کاپٹر خریدنے سے انکار کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: شریف خاندان کے سرکاری اخراجات نیب کو بھجوانے کا فیصلہ

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وفاقی حکومت سے بوقت ضرورت سہولت حاصل کی جاتی رہی جس کا باضابطہ کرایہ بھی ادا کیا گیا، جبکہ وزیر اعلیٰ کے زیر استعمال سرکاری ہیلی کاپٹر تکنیکی و فنی مدت پوری کرچکا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ ہیلی کاپٹر بعد ازاں گر کر تباہ ہوگیا لیکن کبھی ایک پیسہ پنجاب حکومت سے نہیں لیا جس کا ریکارڈ لاگ بک میں موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: طاہر داوڑ کے بھائی نے'جے آئی ٹی'مسترد کردی،بین الاقوامی سطح پر تحقیقات کا مطالبہ

مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے موجودہ وزیر اعظم عمران خان کی طرح سیر و تفریح کے لیے ہیلی کاپٹر استعمال نہیں کیا اور عمران خان اپنے خلاف ہیلی کاپٹر کے استعمال کا نیب کو جواب دیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ دوسروں کے خلاف جھوٹے الزامات عائد کرنے کے بجائے عمران خان اپنے بارے میں نیب کو وضاحت دیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں