کراچی: پاکستان میں نان فائلز کے گاڑی خریدنے پر پابندی، بڑھتی ہوئی ڈیزل کی قیمتوں اور روپے کی گرتی ہوئے قدر کے پیشِ نظر ٹرک کی فروخت میں کمی جبکہ بسوں کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران ہینو پاک کے ٹرک کی فروخت میں واضح کمی آئی ہے جبکہ اس کے برعکس ازوزو بس کی مانگ میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا۔

گزشتہ مالی سال کے دوران ابتدائی 4 ماہ میں ہینو پاک کے ایک ہزار 2 سو 24 یونٹس فروخت ہوئے تھے تاہم اس سال اسی دورانیے میں 8 سو 53 یونٹس فروخت ہوگئے۔

اس کے ساتھ ساتھ ہینو پاک کی بسوں کے 140 یونٹس کے مقابلے میں اس سال ایک سو 24 یونٹس فروخت ہوئے۔

مزید پڑھیں: لائسنس کے بغیر کسی گاڑی کی رجسٹریشن نہ کی جائے، عدالتی حکم

اسی طرح ازوزو کمپنی کے ٹرک کی فروخت میں بھی کمی دیکھنے میں آئی اور گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ کے مقابلے میں اس برس ایک ہزار 99 یونٹس فروخت ہوئے ہیں جبکہ 17-2018 ایک ہزار ایک سو 69 یونٹس فروخت ہوگئے تھے، تاہم اس کی بسوں کی فروخت میں 95 یونٹس کا اضافہ ہوا ہے۔

ٹرک اور بسیں بنانے والی کچھ کمپنیوں نے اپنی گاڑیوں کی قیمتوں میں 5 سے 10 فیصد تک کا اضافہ کردیا ہے جو ماہرین کے مطابق گاڑیوں کی خریداری کی سب سے بڑی وجہ بتائی جارہی ہے۔

حکومت کی جانب سے نان فائلرز پر گاڑی خریدنے پر پابندی عائد کرنے کے بعد ازوزو کی گاڑیوں کی فروخت پر کوئی فرق نہیں پڑا تاہم مسابقتی کمپنیوں کو اس سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک سوزوکی: ایک سال میں گاڑیوں کی قیمتوں میں چوتھی مرتبہ اضافہ

رواں مالی سال کے دوران ماسٹر کمپنی کے 4 سو ایک ٹرک فروخت ہوئے جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران اس عرصے میں ان کی تعداد 5 سو 6 تھی، اسی طرح اس کی بسیں بھی ایک سو 2 یونٹس سے کم ہوکر 91 یونٹس پر آگئیں۔

گندھارا انڈسٹریز لمیٹڈ (جی این ایل) کے جنرل مینیجر مارکیٹنگ اینڈ سیلز بدر میر نے کہا کہ سامان بردار گاڑیوں کی خرویدوفروخت میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے نان فائلر پر گاڑیوں کی خریداری پر عائد پابندی کی وجہ سے یہ کمی واقع ہوئی ہے تاہم اگر حکومت یہ پابندی اٹھالیتی ہے تو پھر اس میں مثبت اشاریے سامنے آئیں گے اور حکومت کو مزید آمدن بڑھانے کا موقع بھی ملے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں