اداکارہ نے 2004 میں ایک نجی کمپنی کے عہدیدار پر الزام لگایا تھا—فوٹو: دی لائیو مرر
اداکارہ نے 2004 میں ایک نجی کمپنی کے عہدیدار پر الزام لگایا تھا—فوٹو: دی لائیو مرر

بولی وڈ اداکارہ اور سابق مس یونیورس سشمیتا سین نے یوں تو 18 نومبر کو اپنا 43 ویں سالگرہ منائی اور ان دنوں وہ اپنی اداکاری سے زیادہ نئے رومانس کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔

43 سالہ سشمیتا سین ان دنوں خود سے کئی سال کم عمر 27 سالہ ماڈل روہمن شال کے ساتھ دیکھی جا رہی ہیں اور اطلاعات ہیں کہ دونوں آئندہ سال تک شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہیں۔

سالگرہ پر روہمن شال نے سشمیتا سین کو مبارک باد بھی پیش کی اور اس سے قبل اداکارہ نے اعتراف کیا تھا کہ وہ ان دنوں نوجوان ماڈل سے تعلقات میں ہیں۔

لیکن اپنی سالگرہ کے ایک دن بعد ہی سشمیتا سین کے لیے ایک اچھی خبر آئی اور انہیں 14 سال پرانے ٹیکس کے مقدمے میں بے قصور قرار دے دیا گیا۔

سشمیتا سین پر دراصل 2003 اور 2004 سے اپنی کمائی پر مکمل ٹیکس نہ دیے جانے کا ایک مقدمہ چل رہا تھا، جس کے تحت ان پر الزام تھا کہ اداکارہ نے اپنی کمائی کم بتاکر ٹیکس ادا نہ کرنے کا ڈرامہ رچایا۔

ان کے خلاف بھارت کا محکمہ ٹیکس تحقیقات جاری رکھے ہوئے تھا، جس کے تحت ممکنہ طور پر ان پر 35 لاکھ روپے تک جرمانہ ہوسکتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سشمیتا سین کے خود سے 15 سال کم عمر ماڈل سے تعلقات؟

تاہم اب طویل تحقیق کے بعد انہیں بے قصور قرار دے دیا گیا۔

اداکارہ نے نوجوان ماڈل روہمن سے تعلقات کا اعتراف کرلیا—فوٹو: سشمیتا سین انسٹاگرام
اداکارہ نے نوجوان ماڈل روہمن سے تعلقات کا اعتراف کرلیا—فوٹو: سشمیتا سین انسٹاگرام

ڈی این اے انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ انکم ٹیکس اپیل ٹربیونل (آئی ٹی اے ٹی) نے طویل تحقیق کے بعد سشمیتا سین کو بے قصور قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اداکارہ کو جو پیسے ملے ان پر ٹیکس عائد نہیں ہوتا۔

خبر کے مطابق اداکارہ پر الزام تھا کہ انہیں 2003 اور 2004 میں ملٹی نیشنل کمپنی کوکا کولا نے مجموعی طور پر ایک کروڑ 45 لاکھ روپے دیے تھے، جس میں سے اداکارہ نے صرف 55 لاکھ روپے پر ٹیکس ادا کی تھی۔

مزید پڑھیں: سشمیتا سین خود سے 15 سال کم عمر شخص سے شادی کرنے کو تیار

رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ سشمیتا سین کو کمپنی نے بقیہ 95 لاکھ روپے کمائی کی مد میں نہیں بلکہ کمپنی کے ایک اعلیٰ عہدیدار پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگانے کی مد میں دیے تھے۔

ماضی میں بھی اداکارہ کے متعدد افراد کے ساتھ تعلقات رہے—فوٹو: انسٹاگرام
ماضی میں بھی اداکارہ کے متعدد افراد کے ساتھ تعلقات رہے—فوٹو: انسٹاگرام

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کوکا کولا کمپنی نے اداکارہ کو 95 لاکھ روپے اعلیٰ عہدیدار کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کی مد میں دیے گئے تھے اور انہیں ملنے والی اس رقم پر ٹیکس کا تنازع تھا۔

رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر محکمہ ٹیکس اور ٹیکس ٹربیونل کے ماہرین اس بات پر متفق تھے کہ اداکارہ کو جنسی ہراساں کیے جانے کی مد میں حاصل ہونے والی رقم پر بھی ٹیکس ادا کرنی چاہیے اور ممکنہ طور پر سشمیتا سین پر 35 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیے جانے کا امکان تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سشمیتا سین نے کم عمر اداکار سے شادی پر خاموشی توڑ دی

تاہم اب ٹربیونل نے کہا ہے کہ اداکارہ کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کی مد میں ملنے والے 95 لاکھ روپے دراصل کمائی نہیں ہے، اس لیے اس پر ٹیکس عائد نہیں ہوسکتا۔

یوں اداکارہ کو اپنی 43 ویں سالگرہ پر 35 لاکھ روپے کا ریلیف مل گیا اور وہ جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کی مد میں ملنے والی رقم پر ٹیکس دینے سے بچ گئیں۔

روہمن شال سے اداکارہ کے تعلقات 2 ماہ قبل ہی استوار ہوئے ہیں—فوٹو: مڈ ڈے
روہمن شال سے اداکارہ کے تعلقات 2 ماہ قبل ہی استوار ہوئے ہیں—فوٹو: مڈ ڈے

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں