’ٹھگس آف ہندوستان‘ کی ناکامی کے بعد پیسوں کی واپسی کا مطالبہ

20 نومبر 2018
فلم 8 نومبر کو ریلیز ہوئی تھی —فوٹو/ اسکرین شاٹ
فلم 8 نومبر کو ریلیز ہوئی تھی —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ اداکار عامر خان اور امیتابھ بچن اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ ایک ساتھ فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ میں جلوہ گر ہوئے، جس کے بارے میں کہا جارہا تھا کہ یہ رواں سال کی سب سے کامیاب فلم ثابت ہوگی جو تمام ریکارڈز توڑ دے گی، تاہم حقیقت میں ہوا کچھ اور ہی۔

بڑے بجٹ کے ساتھ بنائی گئی یہ فلم اپنی ریلیز کے چند ہی دنوں بعد باکس آفس پر فلاپ ثابت ہوگئی، جس کی وجہ یہ تھی کہ فلم اتنی کمائی نہیں کر پائی، جتنی اس سے امید کی گئی تھی، جبکہ فلم نے تو اپنے بجٹ کے برابر کے پیسے بھی حاصل نہیں کیے۔

مزید پڑھیں: ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کے لیے ہر گزرتا دن چیلنج

اور اب خبریں ہیں کہ فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کی ناکامی کے بعد نمائش کنندہ (ایکزیبیٹرز) نے فلم سازوں سے اپنے معاوضے کی واپسی کا مطالبہ کردیا ہے، جبکہ تھیٹر مالکان بھی فلم کی اسکریننگ پر لوگوں کی کم تعداد آنے کے بعد اپنے نقصان کا ازالہ چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ یس راج فلمز کی پروڈکشن کمپنی کے بینر تلے بننے والی فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ 300 کروڑ بھارتی روپے کے بجٹ پر بنائی گئی تھی۔

فلم کو رواں ماہ 8 نومبر کو نمائش کے لیے پیش کیا گیا تھا، تاہم تجزیہ کاروں کے منفی ریویوز کا فلم پر بہت برا اثر پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹھگس آف ہندوستان کے ٹھگوں کی کمائی کم ہونے لگی

فلم اپنی ریلیز کے 11 روز بعد بھی 150 کروڑ بھارتی روپے کمانے میں بھی ناکام رہی۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق تھیٹر مالکان کو فلم پر کی گئی 50 فیصد سرمایہ کاری کا نقصان اٹھانا پڑا، جس کے بعد وہ فلم اسٹوڈیو سے اپنے نقصان کی بھرپائی کا مطالبہ کررہے ہیں۔

ایک نمائش کنندہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ’امید ہے یش راج فلمز، عامر خان اور امیتابھ بچن اس معاملے میں ہماری مدد کریں گے، ورنہ نقصان اتنا بڑا ہے کہ کچھ سینما گھروں کو بند بھی کرنا پڑ سکتا ہے‘۔

خیال رہے کہ اس سے قبل شاہ رخ خان اپنی فلمز ’جب ہیری میٹ سیجل‘ اور ’دل والے‘، سلمان خان فلم ’ٹیوب لائٹ‘ اور رجنی کانتھ کی فلم ’لنگا‘ کی ناکام کے بعد ڈسٹریبیوٹرز کو معاوضہ دے چکے ہیں۔

واضح رہے کہ فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ نے ریلیز کے پہلے روز تو 52 کروڑ بھارتی روپے کماکر کئی ریکارڈ توڑے،تاہم اگلے ہی روز سے فلم کی کمائی کم ہونا شروع ہوگئی۔

فلم ٹھگس آف ہندوستان میں عامر خان اور امیتابھ بچن کے ساتھ فاطمہ ثنا شیخ اور کترینہ کیف نے اہم کردار ادا کیے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں