’ہم نے تاج محل بنایا اور آپ ہمیں دولت دیں گے‘

20 نومبر 2018
اسد الدین اویسی — فوٹو : این ڈی ٹی وی
اسد الدین اویسی — فوٹو : این ڈی ٹی وی

بھارتی سیاسی جماعت آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم ایم ) کے سربراہ اسد الدین اویس نے دعویٰ کیا ہے کہ کانگریس نے انہیں تلنگانہ کے علاقے میں انتخابی مہم منسوخ کرنے کے عوض 25 لاکھ روپے کی پیشکش کی۔

نیو انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق اسد الدین اویسی نے کانگریس پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے ان کی دی گئی پیشکش کے رد عمل میں کہا کہ ’ آپ ہمیں کیا دیں گے، ہم نے تاج محل بنایا اور آپ ہمیں دولت دیں گے؟

گزشتہ روز تلنگانہ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اسد الدین اویسی نے کہا تھا کہ ’ میں ان کے جیسا نہیں ، میں اپنے عہد کا سودا نہیں کرسکتا، میں اپنے عوام اور ان کے مفادات کو فروغ دینے پر یقین رکھتا ہوں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’میں بھارت کے ہر کونے پر ہمار ا پرچم لہراتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہوں، میں ملک کے ہر نوجوان کو ترقی کرتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہوں ‘۔

مزید پڑھیں : گجرات انتخابات: نریندر مودی کی جماعت نے اکثریت حاصل کرلی

اسد الدین اویسی نے کہا کہ ’ میں ان سیکڑوں نوجوانوں کو سلام کرتا ہوں جو یہاں میری آمد پر مجھے دیکھنے آئے ، یہی وہ قوت ہے جسے میں دیکھنا چاہتا ہوں ‘۔

اے آئی ایم آئی ایم کے صدر نے مزید کہا کہ ان کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ انصاف کو یقینی بنایا جائے۔

اسد الدین اویسی نے مزید کہا کہ ’ یہ کانگریس کے لوگ ، انہیں اپنی دولت پر بہت غرور ہے ، آپ ہمیں کیا دیں گے ؟ ہم نے تاج محل بنایا اور آپ ہمیں دولت دیں گے؟‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ چار مینار، جامع مسجد ، قطب مینار ، قلعہ نرمل، ملک کے ہر کونے میں ہماری موجودگی مضبوط ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں : سابق بھارتی اوپنر گمبھیر کا سیاست میں قدم رکھنے کا اعلان

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ یہی فرق ہے کہ ہماری ریلی کو روکنے کے لیے وہ پارٹی فنڈ کے لیے 25 لاکھ روپے کی آفر کر رہے ہیں، یہ ان کے غرور کی نشانی ہے‘۔

خیال رہے کہ تلنگانہ کی اسمبلی میں کی 119 نشستوں پر انتخابات 7 دسمبر کو ہوں گے جبکہ ووٹوں کی گنتی کا عمل 11 دسمبر کو شروع کیا جائے گا۔

انتخابات کی تاریخ جیسے جیسے نزدیک آرہی ہے تلنگانہ میں سیاسی ڈراما زور پکڑ رہا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں