سندھ حکومت نے 12 ربیع الاول (بدھ) کو کراچی میں موبائل فون سروس کی معطلی کی سفارش کردی۔

محکمہ سندھ کی جانب سے وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط میں کراچی سمیت سندھ کے 15اضلاع میں موبائل فون سروس بند رکھنے کی سفارش کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان کے مختلف اضلاع میں موبائل فون سروس کا آغاز

سمری میں حیدر آباد اور سکھر میں بھی موبائل فون سروس بند کرنے کی سفارش شامل ہے۔

منظوری کی صورت میں سندھ کے 15 اضلاع میں صبح 6 سے رات 11 بجےتک موبائل فون سروس بند رکھی جائے گی۔

کراچی سمیت حیداباد ،سکھر ،نواب شاہ سمیت دیگر مقامات پر موبائل فون سروس بند ہوگی۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ کراچی میں صدر, کورنگی, ملیر اور نیو کراچی میں موبائل سروس بند رہے گی جبکہ دیگر علاقوں میں موبائل سروس معمول کے تحت بحال رہے گی

مزید پڑھیں: ساٹھ شہروں میں موبائل فون سروس معطل رہیگی

خط میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ان شہروں میں موبائل فون سروس صبح 6 سے رات 11 بجے تک بند رکھی جائے۔

دوسری جانب پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں موبائل سروس معطل رکھنے کا فیصلہ صوبائی اور وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے کیا جانا ہے۔

اس سے قبل بھی ملک کے مختلف شہروں میں مذہبی و قومی تہواروں کے موقع پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر موبائل فون سروس معطل کی جاتی رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سیکیورٹی کے نام پر موبائل فون سروس کی بندش غیر قانونی قرار

واضح رہے کہ بدھ کو عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں جلسے جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔

سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جلسے جلوس کے اطراف سیکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں