پاکستان بھر میں یوم ولادت رسول صلی اللہ علیہ وسلم مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔

دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں لاہور، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت کے سلسلے میں پاکستان بھر میں مختلف مقامات پر بڑی اور چھوٹی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں نذر و نیاز کا بھی اہتمام کیا گیا۔

رحمۃ اللعالمین صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت کی خوشی میں ملک کا قریہ قریہ، گلی گلی اور شہر شہر سبز پرچموں اور جھنڈیوں سے سجایا گیا۔

مزید پڑھیں: نبی کریم ﷺ؛ تمام جہانوں کے لیے رحمت

اسلام آباد، کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت کے مختلف علاقوں میں بھی یوم ولادت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی مناسبت سے ریلیوں اور جلوسوں کا سلسلہ جاری رہا۔

فضائیں درود وسلام سے معطر رہیں اور نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے عاشقان نے نعت کی صورت میں گلہائے عقیدت نچھاور کیے۔

یوم ولادت رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر مساجد کے ساتھ ساتھ گلیاں اور عمارتیں بھی برقی قمقموں سے سجائی گئی تھیں۔

صبح سے ہی عاشقانِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ اپنے اپنے علاقوں میں جلوس و ریلیاں نکالیں۔

وزیرِاعظم اور صدر کا پیغام

یوم ولادت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان اور صدر عارف علوی نے بھی اپنے پیغامات دیئے۔

اپنے الگ الگ پیغامات میں وزیرِاعظم اور صدر نے اسلامی فلاحی ریاست کے حصول کے لیے نبی آخر الزماں صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کی حقیقی معنوں میں پیروی پر زور دیا۔

یہ بھی دیکھیں: جشن عید میلاد النبیﷺ کی خوشیاں

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ قوم کو آج اپنے ذاتی مفادات کوبالائے طاق رکھتے ہوئے صحیح معنوں میں سیرت طیبہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی کا پختہ عہد کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں دنیا میں اسلام کے تشخص کو نقصان پہنچنے والے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے اور قوم پر زور دیا کہ وہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کے مطابق آپش میں اتحاد و بھائی چارہے اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔

صدرعارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں اجتماعی، قومی اور مذہبی مفادات کو ترجیح دینی چاہیے اور ملک کو ریاست مدینہ کے مطابق ڈھالنے کے لیے اپنے قول و فعل میں مثبت تبدیلی لانی چاہیے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا پیغام

یوم ولادت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر اپنے پیغام میں قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے بھی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو ہی دنیا میں حقیقی امن کا راستہ بتایا۔

اپنے پیغام اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ صداقت، توازن، انصاف، پُرامن بقائے باہمی اور رحم دلی کاعملی نمونہ ہے۔

مزید دیکھیں: ملک بھر میں عیدمیلادالبنی ﷺ کا جشن

قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے اپنے پیغام میں کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے انتہائی کم وقت میں دنیا میں انقلاب برپا کیا اور اپنے طرز عمل اور کردار کے ذریعے زندگی کے ہرپہلو کو بدل کررکھ دیا۔

وزیرِ خارجہ و وزیرِاطلاعات کا پیغام

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے یومِ ولادت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر امت مسلمہ اور پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ خاتم النبیین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی میں ہی ہماری کامیابی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلیم کی تعلیمات کے مطابق امن، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہو گا۔

وزیراطلاعات فواد چوہدری نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے یومِ ولادت پر تمام مسلمانوں کو دلی مبارکباد دی۔

یوم ولادت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ یہ دن ہمیں اسلام کے سنہری اصولوں کی یاددلاتاہے اورحضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ جس کاعملی نمونہ ہے۔

وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ اس دن کا تقاضا ہے کہ مسلمانوں کے درمیان قربانی، رواداری، بھائی چارے اور اتحاد جیسی عظیم اقدار کو فروغ دیاجائے۔

فوادچودھری نے کہاکہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات اور اسلام کے احکامات کی پیروی میں ہی ہماری نجات اورملک کی امن وترقی مضمر ہے۔

سیکیورٹی انتظامات

کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ملک کے تمام بڑے چھوٹے شہروں میں سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی گئی تھی، جبکہ جلوس کی گزرگاہوں کو کنٹینرز رکھ کر سیل کردیا گیا تھا۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد رہی، جبکہ ملک کے حساس اضلاع میں موبائل فون سروس بھی جزوی طورپر معطل رہی۔

12ربیع الاول کی مناسبت سے کراچی میں سیکیورٹی کو فول پروف انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ خصوصی سیکیورٹی یونٹ نے شہر بھر میں فلیگ مارچ بھی کیا۔

اس موقع پر کمانڈنٹ ایس ایس یو ملک مرتضیٰ نے بتایا کہ فلیگ مارچ کا مقصد عوام کو سیکیورٹی سے متعلق یقین دہانی کروانا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں