جنوبی کوریا کے کم جونگ یانگ انٹرپول کے نئے صدر منتخب

21 نومبر 2018
انٹرپول نے جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے شخص کو صدر منتخب کرلیا — فائل فوٹو
انٹرپول نے جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے شخص کو صدر منتخب کرلیا — فائل فوٹو

انٹرپول نے جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والے کم جونگ یانگ کو اپنا نیا صدر منتخب کرلیا۔

الجزیرہ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ انٹرپول نے یہ اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کیا۔

کم جونگ یانگ، جو بین الاقوامی ادارے کے قائم مقام صدر ہیں، کو دبئی میں ہونے والی انٹر پول کی سالانہ تقریب میں 2 سال کے لیے صدر منتخب کیا گیا۔

مزید پڑھیں: چین نے انٹرپول کے صدر کو حراست میں لینے کی تصدیق کردی

خیال رہے کہ روس نے مذکورہ نشست اپنے اُمیدوار کو دلوانے کے لیے کوششیں کی تھیں، جس کی امریکا، برطانیہ اور یورپی ممالک نے سخت مخالفت کی۔

واضح رہے کہ کم جونگ یانگ کا انتخاب ایسے موقع پر کیا گیا ہے جب رواں سال ستمبر میں انٹرپول کے سابق صدر نے بدعنوانی اور رشوت لینے کے الزام میں چین میں گرفتاری کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا۔

واضح رہے کہ ان کی اکتوبر میں گرفتاری ظاہر کیے جانے سے قبل وہ 13 دن تک چین میں لاپتہ رہے۔

8 اکتوبر 2018 کو چینی حکام کا کہنا تھا کہ وہ انٹرپول کے سابق سربراہ کے خلاف رشوت خوری اور دیگر جرائم کی تحقیقات کر رہے ہیں جبکہ سیاسی حد بندی سے تجاوز پر بھی انہیں مشکل پیش آسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انٹرپول کے سابق سربراہ پر رشوت خوری، دیگر جرائم کا الزام

حکومتی ویب سائٹ پر جاری بیان میں حکام کا کہنا تھا کہ عوامی سیکیورٹی کے نائب چینی وزیر مینگ ہونگوے کے خلاف تحقیقات ان کی اپنی خود سری کی وجہ سے ہو رہی ہے۔

چین کی جانب سے مینگ ہونگوے کو حراست میں لیے جانے کے بعد انٹرپول نے اعلان کیا تھا کہ مینگ نے انٹرنیشنل پولیس ایجنسی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

واضح رہے کہ مینگ ہونگوے فرانس کے شہر لایون میں واقع انٹرپول کے صدر دفتر سے 25 ستمبر کو اپنے آبائی وطن چین کے دورے کے لیے روانہ ہوئے تھے لیکن اس کے بعد سے ان کے بارے میں کچھ پتہ نہیں چلا تھا۔

فرانسیسی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مینگ کی بیوی اپنے شوہر سے رابطہ نہ ہونے پر لایون میں پولیس کے پاس گئیں اور انہوں نے بتایا کہ ان کا اپنے شوہر سے آخری بار رابطہ 10دن قبل ہوا تھا اور حال ہی میں انہیں سوشل نیٹ ورک اور ٹیلی فون کے ذریعے دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔

مزید پڑھیں: انٹرپول کے صدر دورہ چین کے دوران لاپتا

بیان میں کہا گیا تھا کہ فرانس انٹرپول کے صدر کے لاپتا ہونے کے معاملے کو دیکھ رہا ہے، معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور ہمیں ان کی بیوی کو ملنے والی دھمکیوں کے حوالے سے تشویش ہے جس کو دیکھتے ہوئے ان کی حفاظت یقینی بنانے کے لیےاقدامات کر دیے گئے ہیں۔

بیجنگ نے بتایا کہ مینگ ہونگوے کی جانب سے قوانین کی خلاف ورزی کی گئی اس لیے وہ محکمہ انسداد کرپشن کے زیر تفتیش ہیں۔

واضح رہے کہ 64 سالہ مینگ ہونگیو نومبر 2016 میں انٹرپول کے صدر منتخب ہوئے تھے اور ان کی بطور صدر ملازمت کی مدت 2020 تک تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں