پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے سیزن کے لیے پشاور زلمی نے ڈیرن سیمی کو کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔

پشاور زلمی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیرمین جاوید آفریدی نے ڈیرن سیمی کو پی ایس ایل کے چوتھے سیزن میں بھی ڈیرن سیمی کو کپتان برقرار رکھنے کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔

جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ ڈیرن سیمی کی قیادت میں پشاور زلمی نے پی ایس ایل کے دوسرے سیزن میں فتح حاصل کی اور تیسرے سیزن میں رنر اپ رہی اسی طرح اب بھی امید ہے کہ ان کی قیادت میں ٹیم چوتھے سیزن میں بھی شاندار کارکردگی دکھائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ مصباح الحق کی شمولیت سے ٹیم مزید مضبوط ہوئی ہے اور ان کی موجودگی جہاں سینیر اور نوجوان کرکٹرز کے لیے فائدہ مند ہوگی وہیں کپتان سیمی کو بھی ان کے تجربے سے فائدہ ہوگا۔

مزید پڑھیں:پاکستان سپر لیگ کی تمام ٹیموں کی حتمی تفصیل

قبل ازیں پی ایس ایل 2019 کے لیے منعقدہ ڈرافٹنگ میں پشاور زلمی نے مصباح الحق سمیت باصلاحیت کھلاڑیوں کا چناؤ کیا تھا اور ویسٹ انڈیز کے اسٹار آل راؤنڈر کیرن پولارڈ کو منتخب کیا تھا۔

پشاور زلمی نے پی ایس ایل کے نئے سیزن کے لیے جن کھلاڑیوں کو منتخب کیا ان میں ڈیرن سیمی (کپتان)، مصباح الحق، وہاب ریاض، حسن علی، کیرن پولارڈ، کامران اکمل، لیام ڈاسن، ڈیوڈ ملان، عمر امین، عمید آصف، خالد عثمان، وین مڈسن، صہیب مقصود، جمال انور، ثمین گل، نبی گل، وقارسلام خیل، کرس جارڈن، ابتسام شیخ اور سمیع اللہ شامل ہیں۔

ڈرافنٹگ کے عمل کے موقع پر ترکی کے تین کرکٹر تناہن تران، یگمر تسدیلین اور مہمت سرت بھی پشاور زلمی کے ساتھ موجود تھے جو ٹورنامنٹ کے دوران بھی اسکواڈ کے ہمراہ ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل ڈرافٹ: اسمتھ، ڈی ویلیئرز، آفریدی منتخب

یاد رہے کہ پی ایس ایل 2019 کے لیے ڈرافٹنگ 20 نومبر کو لاہور میں ہوئی تھی جہاں پشاور زلمی کے سابق کپتان شاہد آفریدی سمیت دنیا کے مشہور کھلاڑیوں کو دیگر ٹیموں نے منتخب کر لیا تھا۔

پشاور زلمی کی جانب سے گزشتہ سیزن میں کھیلنے والے محمد حفیظ کو لاہور قلندرز نے چن لیا جبکہ شاہد آفریدی سابق ملتان سلطان کا حصہ ہوں گے۔

جنوبی افریقہ کے مشہور بلے باز اے بی ڈی ولیئرز کو بھی لاہور قلندرز نے اپنی ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں