متحدہ عرب امارات میں ٹی ٹین لیگ کے دوسرے سیزن کا باقاعدہ آغاز ہوگیا جہاں پہلے میچ میں راجپوتز نے سندھیز کو 10 وکٹوں اور دوسرے میچ میں کیرالا کنگز نے پختونز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

شارجہ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں راجپوتز کے کپتان برینڈن مک کولم نے ٹاس جیت کر سندھیز کے کپتان شین واٹسن کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

کپتان شین واٹسن کے 42 رنز کی مدد سے سندھیز نے مقررہ 10 اوورز میں 94 رنز بنائے جبکہ ڈیویچ، ڈیوڈ ملان، دنیش رام دین، پریرا اور کٹنگ سمیت تمام بلے باز دوہرے ہندسے کو بھی عبور نہ کرپائے۔

راجپوتز کی جانب سے مناف پٹیل نے 3 اور کارلوس بریتھویٹ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں افغانستان سے تعلق رکھنے والے جارح مزاج بلے باز محمد شہزاد نے صرف 16 گیندوں میں 6 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے 74 رنز کی اننگز کھیلی۔

کپتان برینڈن مک کولم نے 21 رنز بنائے اور ٹیم نے مطلوبہ ہدف بغیر کسی نقصان کے 4 اوورز میں ہی حاصل کرلیا۔

محمد شہزاد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دوسرا میچ بھی شارجہ میں ہی کھیلا گیا جہاں شاہد آفریدی کی قیادت میں پختونز کا مقابلہ کیرالا کنگز سے ہوا۔

کیرالا کنگز کے کپتان مورگن نے ٹاس جیت کر پختونز کو بیٹنگ کی دعوت دی تاہم پختونز کی جانب سے کسی بھی بلے باز کی جانب سے بڑی اننگز نہیں کھیلی تاہم ٹیم کا اسکور 100 رنز سے عبور کرلیا۔

اوپنر والٹن اور فلیچر نے 46 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم والٹن 12 رنز بناسکے جبکہ فلیچر نے 32 رنز بنائے جو پختونز کی جانب سے کامیاب بلے باز تھے۔

ڈیل پورٹ نے 15 گیندوں پر ایک چوکے اور 2 چھکوں کی مدد سے 28 اور ڈاؤسن نے 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 28 رنز بنائے۔ کپتان شاہد آفریدی نے آؤ ہوئے بغیر 3 رنز بنائے۔

پختونز نے مقررہ اووز میں 5 وکٹوں پر 109 رنز بنائے۔

کنگز کی جانب سے لیمچنے نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سہیل تنویر، کیوران اور پارنل کوئی وکٹ حاصل نہیں کرپائے۔

کیرالا کی جانب سے ویسٹ انڈیز کے مشہور بلے باز کرس گیل نے اننگز کا آغاز کیا جن کا ساتھ وکٹ کیپر اسٹرلنگ نے دیا اور 40 رنز بنائے۔

کرس گیل صرف 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس میں ایک چوکا اور ایک چھکا شامل تھا تاہم اسٹرلنگ نے 3 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے۔

پختونز کی جانب سے دیے گئے 110 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کپتان مورگن نے شاندار اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 2 چوکوں کے علاوہ 5 چھکے بھی شامل تھے۔

مورگن اور کیرن پولارڈ نے ناقابل شکست رہتے ہوئے بالترتیب 46 اور 11 رنز بنائے۔

کیرالا کنگز نے مطلوبہ ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر آٹھویں اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کیا اور میچ میں فتح حاصل کی۔ سہیل خان اور ڈاؤسن نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کیں۔

ٹی ٹین لیگ 2018 کے دوسرے روز 3 میچ کھیلے جائیں گے۔

ٹورنامنٹ کا تیسرا میچ بنگال ٹائیگرز اور ناردرن ویرئیرز کے درمیاں، چوتھا میچ سندھیز اور کیرالا کنگز اور پانچواں اور دن کا آخری میچ میراٹھا عربینز اور پنجابی لیجنڈز کے درمیان ہوگا۔

خیال رہے کہ تمام میچز شارجہ میں کھیلے جائیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں