چین میں اسکول سے نکل کر سڑک پار کرنے والے بچوں پر کار سوار نے گاڑی دوڑا دی جس کے نتیجے میں 5 بچے ہلاک اور 18 زخمی ہوگئے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے اسکول کی چھٹی ہونے کے بعد طالبعلم گروپ کی صورت میں سڑک پار کررہے ہیں جس کے باعث سڑک پر موجود دیگر گاڑیاں رک گئیں۔

دریں اثنا دوسری سمت سے آنے والی ایک تیز رفتار کار سڑک پار کرنے والے ننھے طالبعلموں پر چڑھ دوڑی جس کی ٹکر سے بچے دور جاگرے تاہم حکام نے مذکورہ ویڈیو کی تصدیق نہیں کی۔

یہ بھی پڑھیں: خراب موسم میں حادثات نہ ہونے کی خبردیتے وقت ہی حادثہ

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حادثے کے بعد پولیس نے مذکورہ کار ڈرائیور کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا۔

کار سوار ملزم کو پولیس نے حراست میں لے لیا
کار سوار ملزم کو پولیس نے حراست میں لے لیا

اسی حادثے کی ایک اور ویڈیو میں دیکھا گیا کہ کم ازکم 2 بچے زخمی حالت میں سڑک پر بے ہوش پڑے ہیں جبکہ دیگر بچوں کے کراہنے اور چیخنے کی آوازیں بھی آرہی ہیں۔

سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق واقعہ دوپہر کے وقت پیش آیا جب اسکول کے طالبعلم چھٹی ہوجانے کے بعد سڑک پار کررہے تھے، حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: امریکا میں ٹریفک حادثہ، 20 افراد ہلاک

واضح رہے کہ چین میں ٹرانسپورٹ انتظامیہ کی سخت کوششوں کے باوجود ٹریفک قوانین پر عملدرآمد نہ ہونے کے سبب ہولناک حادثات رونما ہونا معمول کی بات ہے۔

حکام کے مطابق صرف سال 2015 میں ملک بھر میں ہونے والے حادثات میں 58 ہزار افراد اپنی زندگی سے محروم ہوئے۔

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی زیادہ تر حادثات کا سبب بنتی ہے جس کا نتیجہ اموات، معذوری یا ایک عرصے تک علاج کی صورت میں نکلتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سیہون: انڈس ہائی وے پر ٹریفک حادثہ، 5 بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق

رواں ماہ کے آغاز میں بھی چین میں ایک حادثے میں 13 افراد ہلاک ہوگئے تھے جب ایک بس میں ڈرائیور اور مسافروں کے مابین جھگڑے کے نتیجے میں بس پل سے نیچے جاگری تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں