ایران میں زلزلہ، 700 سے زائد افراد زخمی

26 نومبر 2018
ایران میں 2012 میں آنے والے زلزلے میں ایک خاتون  تباہ ہونےوالے گھر کا جائزہ لے رہی ہے — فوٹو : اے ایف پی
ایران میں 2012 میں آنے والے زلزلے میں ایک خاتون تباہ ہونےوالے گھر کا جائزہ لے رہی ہے — فوٹو : اے ایف پی

ایران کے مغربی صوبے کرمان شاہ میں 6.4 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 7 سو سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

فرانسیسی خبررساں ادارے ’ اے ایف پی ‘ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے انسٹیٹیوٹ آف جیو فزکس کے مطابق اتوار کو آنے والے 6.4 شدت زلزلے کا مرکز سرپول زہب سے 17 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔

ایران کے مغربی صوبے میں زلزلے کی گہرائی 7 کلومیٹر تھی، اسی دوران زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جن میں سے ایک کی شدت 5.2 تھی۔

مزید پڑھیں : ایران-عراق سرحد پر 7.3 شدت کا زلزلہ، 415 افراد ہلاک

ریاستی ٹیلی ویژن نے بتایا کہ زلزلے کے نتیجے میں 7 سو 16 افراد زخمی ہوئے تھے لیکن کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

سرکاری ٹی وی نے زلزلے کے نتیجے میں گھروں میں پڑنے والی دراڑٰیں بھی دکھائیں لیکن ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز زخمی ہونے والے افراد میں سے صرف 33 پیر کی صبح ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

ایران کی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے عہدیدار مرتضیٰ سلیمی کا کہنا تھا کہ زلزلے کے نتیجے میں علاقوں میں بھگدڑ مچ گئی تھی جس وجہ سے لوگ زخمی ہوئے۔

اے ایف پی کے صحافی نے بتایا کہ زلزلے کے جھٹکے پڑوسی ملک عراق کے دارالحکومت بغداد میں بھی محسوس کیے گئے تھے۔

مرتضی سلیمی نے نیم سرکاری خبر ایجنسی اثنا کو بتایا کہ گزشتہ روز ایران کے ان پہاڑی علاقوں میں زلزلہ آیا تھا جنہیں گزشتہ برس 7.3 شدت کے زلزلے کے بعد دوبارہ تعمیر کیا گیا تھا ۔

یہ بھی پڑھیں : ایران میں زلزلہ سے پانچ ہلاکتیں

خیال رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں ایران میں زلزلے کے نتیجے میں 6 سو 20 افراد جاں بحق جبکہ ہزاروں افراد زخمی ہوگئے تھے.

سال 2003 میں ایران کے جنوب مشرقی علاقے میں 6.6 شدت میں بام نامی شہر تباہ ہوگیا تھا جس میں کم از کم 31 ہزار افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

ایران کی تاریخ میں سب سے ہولناک زلزلہ 1990 میں آیا تھا جس کی شدت 7.4 تھی، زلزلے کے نتیجے میں ایران کے شمالی علاقے میں 40 ہزار افراد جاں بحق ارو 30 ہزار افراد زخمی جبکہ 5 لاکھ افراد بے گھر ہوگئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں