اس وقت بھارت میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم کا ریکارڈ دنگل اور باہو بلی 2 کے پاس ہے مگر لگتا ہے کہ یہ دونوں ہی ایک نئی فلم سے مقابلہ ہارنے والی ہیں۔

رجنی کانت بھارت کا وہ نام ہے جس کے کروڑوں پرستار ہیں اور ان کی فلموں کا بے صبری سے انتظار کیا جاتا ہے اور ان کی نئی فلم 2.0 نے ریلیز سے قبل ہی بزنس کے نئے ریکارڈز بنالیے ہیں۔

رجنی کانت کی اس فلم میں اکشے کمار بھی اہم کردار میں نظر آئیں گے اور اسے بھارت کی تاریخ کی مہنگی ترین فلم قرار دیا جارہا ہے جس کی تیاری پر 550 کروڑ انڈین روپے سے زائد خرچ ہوئے۔

مزید پڑھیں : اکشے کمار ’2.0‘ میں کس طرح ولن بنے؟

تاہم اس فلم نے ریلیز سے قبل ہی اپنے بجٹ کا لگ بھگ 75 فیصد حصہ یعنی 370کروڑ روپے سے زائد کمالیے ہیں۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق 2.0 رجنی کانت کی 2010 کی فلم اینتھران (ہندی ورژن کا نام روبوٹ) کا سیکوئل ہے جو کہ 29 نومبر کو دنیا بھر میں ریلیز ہوگا۔

اس فلم میں رجنی کانت ڈبل رول جبکہ ولن کے روپ میں اکشے کمار نظر آئیں گے۔

رپورٹ کے مطابق اس فلم نے ریلیز سے قبل ہی سیٹلائیٹ رائٹس، ڈیجیٹل رائٹس اور دیگر کے ذریعے 370 کروڑ انڈین روپے کمالیے ہیں اور تجزیہ کاروں کو یقین ہے کہ یہ فلم ریلیز کے پہلے دن ٹھگز آف ہندوستان کا 50 کروڑ انڈین روپے بزنس کا ریکارڈ بھی آسانی سے توڑ دے گی۔

ڈائریکٹر شنکر کی یہ فلم بھارت میں 29 نومبر کو ریلیز ہورہی ہے اور تجزیہ کاروں کے خیال میں یہ پہلے دن ہی مختلف ورژن میں سو کروڑ انڈین روپے کا بزنس کرسکتی ہے اور باہو بلی 2 کا ریکارڈ بھی توڑ سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : '2.0' میں اکشے کمار کو اسمارٹ فونز سے نفرت

اس سے قبل باہو بلی 2 نے گزشتہ سال ریلیز کے پہلے دن مجموعی طور 100 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا تھا۔

2.0 کو بھارت میں 7 ہزار اسکرینز میں ریلیز کیا جائے گا جو کہ باہو بلی 2 سے زیادہ ہے جو کہ 6500 تھی جبکہ دنیا بھر میں 3 ہزار سے زائد اسکرینز میں اسے ریلیز کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : والدین کے بعد رجنی کانت ہی سب سے اہم ہیں

یہ بھارت کی پہلی فلم ہے جسے مکمل طور پر تھری ڈی میں فلمایا گیا ہے۔

فلم میں رجنی کانت اور اکشے کمار کے ساتھ ساتھ ایمی جیکسن بھی اہم کردار میں نظر آئیں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں