الیکشن کمیشن کا تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ کو ایک اور نوٹس

اپ ڈیٹ 30 نومبر 2018
خادم حسین رضوی کو گزشتہ ہفتے حفاظتی تحویل میں لیا گیا تھا —فائل فوٹو
خادم حسین رضوی کو گزشتہ ہفتے حفاظتی تحویل میں لیا گیا تھا —فائل فوٹو

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ خادم حسین رضوی کو پارٹی کی فنڈنگ اور رجسٹریشن کے معاملے پر وضاحت دینے کے لیے ایک مرتبہ پھر نوٹس بھجوادیا۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی سربراہی میں قائم الیکشن کمیشن کے 5 رکنی بینچ نے ضلعی الیکشن کمشنر کو بذاتِ خود خادم حسین رضوی کو نوٹس پہنچانے کی تاکید کی۔

خیال رہے کہ تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ کو گزشتہ ہفتے حفاظتی تحویل میں لیا گیا تھا تاہم الیکشن کمیشن میں ہونے والی سماعت میں نہ وہ خود اور نہ ہی ان کے وکیل پیش ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: ’تحریک لبیک نے انتخابی اخراجات کی تفصیلات فراہم نہیں کیں‘

بعدازاں الیکشن کمیشن نے مذکور کیس کی سماعت 5 دسمبر تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ ٹی ایل پی کے خلاف اس کیس کا آغاز اس وقت ہوا جب سپریم کورٹ کی جانب سے جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں گزشتہ برس نظامِ زندگی مفلوج کردینے والی پارٹی کو رجسٹر کرنے پر الیکشن کمیشن پر تنقید کی گئی۔

اس حوالے سے اعلیٰ عدالت نے اس بات پر بھی حیرت کا اظہار کیا کہ پارٹی کی رجسٹریشن ایک ایسے شخص کی درخواست پر کی گئی جس کے پاس سمندر پار پاکستانی ہونے کا قومی شناختی کارڈ ہے اور وہ خود متحدہ عرب امارات میں مقیم ہے۔


یہ خبر 30 نومبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں