بھارت کی مہنگی ترین فلم ‘ٹو پوائنٹ زیرو’ کی پہلے دن حیران کن کمائی

اپ ڈیٹ 30 نومبر 2018
فلم کو 29 نومبر کو ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ
فلم کو 29 نومبر کو ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ

اگرچہ بولی وڈ کی مہنگی ترین فلم کا اعزاز عامر خان اور امیتابھ بچن کی رواں ماہ 8 نومبر کو ریلیز ہونے والی فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کو حاصل ہے۔

تاہم بھارت کی سب سے مہنگی فلم ’ٹو پوائنٹ زیرو‘ کو حاصل ہے، جسے 29 نومبر کو بھارت سمیت دنیا بھر میں ریلیز کردیا گیا۔

اس فلم کا شائقین کئی ماہ سے انتظار کر رہے تھے، اطلاعات تھیں کہ یہ فلم رواں برس کے آغاز سے مکمل تھی اور اسے کسی بھی وقت ریلیز کیا جاسکتا ہے۔

شائقین کے طویل انتظار کے بعد بالآخر فلم کی ٹیم نے اسے 29 نومبر کو ایک ایسے موقع پر ریلیز کیا، جب اس کے مد مقابل بھارت کی کوئی اور بڑی اور اچھی فلم نہیں تھی۔

خیال کیا جا رہا تھا کہ رجنی کانت کی یہ فلم ’باہو بلی‘ سمیت تمام فلموں کی کمائی کے ریکارڈ توڑ کر نئے ریکارڈ بنانے میں کامیاب جائے گی، کیوں کہ بھارت بھر میں لوگ رجنی کانت کی فلموں کا شدت سے انتظار کرتے ہیں۔

فلم میں اکشے کمار ولن کے روپ میں نظر آئے ہیں—پرومو فوٹو
فلم میں اکشے کمار ولن کے روپ میں نظر آئے ہیں—پرومو فوٹو

تاہم ایسا نہیں ہوا اور تمام تجزیہ نگاروں کے تجزیے بھی غلط ثابت ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: ریلیز سے قبل ہی 370 کروڑ روپے کمانے والی فلم

حیران کن طور پر ’ٹو پوائنٹ زیرو‘ بڑی فلموں کا تو دور کی بات ہے، کئی چھوٹی فلموں کا ریکارڈ توڑنے میں بھی ناکام گئی اور اس نے انتہائی کم کمائی کی۔

توقع کی جا رہی تھی کہ ’ٹو پوائنٹ زیرو‘ پہلے ہی دن 50 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کرکے نئے ریکارڈ بنائے گی، تاہم ایسا نہیں ہوا۔

حیران کن طورپر فلم نے ریلیز کے پہلے ہی دن صرف اور صرف 20 کروڑ روپے بٹورے، جو نہ صرف ٹھگس آف ہندوستان اور باہو بلی بلکہ کئی چھوٹی فلموں سے بھی کم کمائی ہے۔

ٹائمز ناؤ کے مطابق خیال کیا جا رہا تھا کہ ’ٹو پوائنٹ زیرو’ ریکارڈ کمائی کرنے میں کامیاب جائے گی، تاہم ایسا نہیں ہوا اور فلم نے پہلے دن انتہائی کم کمائی کرکے سب کو مایوس کردیا۔

فلم میں ایمی جیکسن اور رجنی کانت پیار کرتے نظر آتے ہیں—اسکرین شاٹ
فلم میں ایمی جیکسن اور رجنی کانت پیار کرتے نظر آتے ہیں—اسکرین شاٹ

رپورٹ کے مطابق ’ٹو پوائنٹ زیرو‘ کے ہندی ورژن نے بھارت بھر سے صرف 20 کروڑ روپے کمائے، جو عامر خان کی رواں ماہ ریلیز ہونے والی فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کی پہلے دن کی کمائی سے پورے 30 کروڑ روپے کم ہے۔

ٹھگس آف ہندوستان کے ہندی ورژن نے پہلے ہی دن صرف بھارت سے 50 کروڑ روپے بٹورے تھے، جب کہ اس فلم کے دیگر زبانوں کے ورژنز نے بھی قریبا 2 کروڑ روپے بٹورے تھے۔

مزید پڑھیں: رجنی کانت کا رقص عامر خان کی پوری فلم سے مہنگا

اسی طرح ’ٹو پوائنٹ زیرو’ کے ہندی کے علاوہ دیگر زبانوں کے ورژنز نے بھی توقع سے کم کمائی کی اور فلم ریکارڈ توڑنے میں ناکام رہی۔

رجنی کانت اس فلم میں بھی روبوٹ کے روپ میں نظر آئے ہیں—اسکرین شاٹ
رجنی کانت اس فلم میں بھی روبوٹ کے روپ میں نظر آئے ہیں—اسکرین شاٹ

این ڈی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ’ٹو پوائنٹ زیرو‘ کے پہلے دن کی کمائی اتنی کم تھی کہ وہ رواں برس ریلیز ہونے والی کم بجٹ کی اکشے کمار کی فلم ’گولڈ‘ کا ریکارڈ بھی نہیں توڑ پائی۔

اکشے کمار کی رواں برس ہونے والی ’گولڈ‘ نے پہلے ہی دن 25 کروڑ روپے بٹورے تھے، تاہم ’ٹو پوائنٹ زیرو‘ نے صرف 20 کروڑ روپے کمائے۔

حیران کن طور پر ’ٹو پوائنٹ زیرو‘ پہلے دن جہاں ٹھگس آف ہندوستان، پدماوت اور سنجو جیسی فلموں کے ریکارڈ توڑنے میں ناکام رہی، وہیں یہ فلم خود اکشے کمار اور رجنی کانت کی پرانی فلموں کی کمائی کے ریکارڈ بھی نہ توڑ پائی۔

پہلی فلم میں ایشوریا رائے تھی، اس میں ایمی جیکسن ہیں—اسکرین شاٹ
پہلی فلم میں ایشوریا رائے تھی، اس میں ایمی جیکسن ہیں—اسکرین شاٹ

خیال رہے کہ اس فلم میں رجنی کانت بطور ہیرو جب کہ اکشے کمار بطور ولن نظر آئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمینیٹر،دی نن، بیٹ مین اور ڈیڈپول سے بھی مہنگی بھارتی فلم

اس کے علاوہ فلم میں ایمی جیکسن نے بھی مرکزی کردار ادا کیا ہے، فلم میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے، جس وجہ سے اس کا بجٹ 550 کروڑ روپے تک بتایا جا رہا ہے۔

اس فلم کے صرف ایک گانے اور اکشے کمار اور رجنی کانت کی لڑائی کے کچھ سین پر 40 کروڑ روپے سے زائد کا بجٹ خرچ کیا گیا۔ یہ فلم 2010 میں ریلیز ہونے والی رجنی کانت کی فلم ’روبوٹ‘ کا سیکوئل ہے۔

اگرچہ ٹو پوائنٹ زیرو نے پہلے دن کم کمائی کی، تاہم یہ فلم ریلیز سے قبل ہی سیٹلائیٹ رائٹس، ڈیجیٹل رائٹس اور دیگر ذرائع سے 370 کروڑ انڈین روپے کما چکی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں