دنیا کی سستی ترین 'گاڑی' سامنے آگئی

30 نومبر 2018
— فوٹو بشکریہ بجاج
— فوٹو بشکریہ بجاج

ٹاٹا نانو کو دنیا کی سستی ترین گاڑی کا اعزاز حاصل ہوا تھا جسے کامیابی نہ ملنے پر رواں سال کے شروع میں ختم کرنے کا اعلان کیا گیا مگر اب ایک اور بھارتی کمپنی دنیا کی سستی ترین 'گاڑی' کو فروخت کے لیے پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بجاج کیوٹ نامی کواڈرسائیکل کو بھارت میں بطور گاڑی فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے، اس سے پہلے کواڈ سائیکل کو عام طور پر پبلک ٹرانسپوٹ کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔

کواڈرسائیکل بنیادی طور پر 4 پہیوں کی ایسی سواری ہوتی ہے جس کا حجم ایک رکشے جتنا ہوتا ہے جبکہ اس کا وزن 475 کلوگرام سے کم ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں : مہران کے مقابلے پر 'سستی' پاکستانی گاڑی

اور اسے دنیا کی سستی ترین 'گاڑی' کہنا غلط نہیں ہوگا کیونکہ اس کی قیمت ڈیڑھ سے 2 لاکھ بھارتی روپے (تین سے 4 لاکھ پاکستانی روپے کے درمیان) ہوگی۔

اس گاڑی کی زیادہ سے زیادہ رفتار 70 کلومیٹر ہوگی جبکہ یہ ایک لیٹر پٹرول پر 35 کلومیٹر کا سفر طے کرسکے گی۔

اس میں 4 افراد سفر کرسکتے ہیں جبکہ بڑی شاہراﺅں پر 60 کلو میٹر فی گھنٹہ سے زیادہ تیز نہیں ہوگی۔

اس گاڑی میں20 ہارس پاور کا 200 سی سی کا سنگل سلنڈر انجن دیا جائے گا جو کہ واٹر کول پٹرول انجن ہوگا جبکہ فائیو اسپیڈ گیئرباکس بھی ہوں گے جو کہ موٹرسائیکل میں دیئے جانے والے گیئرباکس سے ملتا جلتا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : ہونڈا کی مہنگی ترین گاڑی پاکستان میں فروخت کیلئے پیش

اس گاڑی کا وزن 400 کلوگرام ہوگا جبکہ اسے پٹرول کے ساتھ سی این جی اور ایل پی جی پر چلایا جاسکے گا، مگر ایک وقت میں ان میں سے ایک ہی آپشن کو استعمال کرنا ممکن ہوگا۔

اس سے ہٹ کر کسی گاڑی کے بنیادی فیچرز اس میں ہوں گے جبکہ ایم پی تھری پلیئر وغیرہ کا اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں