لیپ ٹاپ، موبائل چوری ہونا یوں تو عام سی بات ہے لیکن لیپ ٹاپ چوری ہونے کے بعد معافی مانگ کر چوری کی وضاحت دینا وہ بھی جدید طریقے سے یہ اپنے آپ میں ایک منفرد بات ہے۔

برمنگھم میں یونیورسٹی کے طالب علم کا لیپ ٹاپ چوری ہونے کے بعد اسے چور کی 'ای میل' موصول ہوئی جس میں اس نے چوری کی وضاحت کی تھی۔

اوڈیٹی سینٹرل کی رپورٹ کے مطابق یہ ای میل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس وقت وائرل ہوئی جب برمنگھم کے رہائشی اسٹیو ویلنٹائن نے اس ای میل کا اسکرین شاٹ شیئر کیا جو اس کے دوست کو موصول ہوئی تھی۔

چور کی جانب سے بھیجی گئی ای میل میں لکھا تھا کہ ’لیپ ٹاپ چوری کرنے کے لیے بہت معذرت، میں بہت غریب ہوں اور مجھے پیسوں کی شدید ضرورت تھی۔‘

ای میل میں مزید لکھا گیا تھا کہ ’میں نے آپ کا موبائل فون اور بٹوا چھوڑ دیا تھا‘۔

مزید پڑھیں: مائیکرو سافٹ کا نیا لیپ ٹاپ اور ٹیبلیٹ متعارف کروانے کا امکان

چور نے لکھا کہ ’مجھے اندازہ ہے کہ آپ یونیوسٹی کے طالب علم ہیں، اگر آپ کو کوئی فائلز چاہیے تو مجھے بتادیں میں آپ کو بھیج دوں گا، ایک مرتبہ پھر معافی چاہتا ہوں‘۔

اس ای میل سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ چور بہت ہی رحم دل ہے کیونکہ اس نے لیپ ٹاپ کے مالک کو ضرورت پڑنے پر اہم فائلز دینے کی پیشکش بھی کی۔

اسٹیو ویلنٹائن کے ٹوئٹ کو 26 ہزار سے زائد لوگوں نے پسند کیا اور اس پر ہزاروں تبصرے بھی کیے گئے ہیں، کچھ صارفین کو چور کی یہ ادا اچھی لگی تو بعض نے کہا کہ انتہائی غربت کے دعوے سے اس کا جرم چھوٹا نہیں ہوجاتا۔'

ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’کم از کم وہ اتنا مہربان تھا کہ اس نے اپنے حالات سے متعلق بتایا، لیپ ٹاپ کے مالک کی فائلز نہیں کھوئیں جبکہ مالک جانتا ہے کہ اس کا لیپ ٹاپ ایک اچھے انسان کے پاس ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کا سب سے پتلا لیپ ٹاپ لینا پسند کریں گے؟

ایک صارف نے لکھا کہ ’اگر وہ واقعی معذرت چاہتا ہے تو وہ اگلا مضمون لکھے گا‘۔

ایک صارف نے ٹوئٹ کیا کہ ’مجھے حقیقت میں یہ چور بہت پسند ہے‘۔

تاہم بعض افراد کو لیپ ٹاپ چور کی معافی پسند نہیں آئی، ایک صارف نے اس وائرل ہونے والے ٹوئٹ پر تبصرہ کیا کہ ’میں ایک پیٹرول اسٹیشن پر ڈاکا ڈالوں گا اور انہیں وضاحت دوں گا کہ مجھے پیسوں کی ضرورت ہے‘۔

تبصرے (0) بند ہیں