غیر رجسٹرڈ موبائل فون پر ڈیوٹی کیلئے نیا طریقہ کار جاری

اپ ڈیٹ 01 دسمبر 2018
اس طریقہ کار میں درآمدی موبائل پر ڈیوٹی کا طریقہ بھی واضح کیا گیا—فائل فوٹو
اس طریقہ کار میں درآمدی موبائل پر ڈیوٹی کا طریقہ بھی واضح کیا گیا—فائل فوٹو

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے غیر رجسٹرڈ موبائل ڈیوائسز کی ریگولرائزیشن اور نان کمرشل موبائل فونز کی درآمد کو ریگولرائز کرنے کے لیے نیا طریقہ کار جاری کردیا۔

نان کمرشل درآمدی موبائل فون کے لیے طریقہ کار کسٹمز نوٹیفکیشن 2018 کے ایس آر او 1455 اور کسٹمز جنرل آرڈر 2018 کے 6 کے تحت نافذ العمل ہوگا۔

اس طریقہ کار کے تحت 31 دسمبر 2018 تک غیر رسمی طریقے سے غیر قانونی طور پر لائے گئے موبائل فونز ڈیوٹی/ ٹیکسز کی ادائیگی کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ساتھ رجسٹرڈ ہوجائیں گے، تاہم ایسے تمام موبائل فونز پر جرمانے کی ادائیگی معاف ہوجائے گی۔

مزید پڑھیں: کہیں آپ کا موبائل فون بھی اسمگل شدہ تو نہیں؟

طریقہ کار کے مطابق غیررجسٹرڈ موبائل ڈیوائس رکھنے والا فرد رضا کارانہ طور پر قریبی کسٹمز کلیکٹریٹ سے رابطہ کرے اور اپنی ڈیوائس کی آئی ایم ای آئی تفصیلات کی نقل کے ساتھ ایک بیان حلفی جمع کرائے۔

جس کے تحت کسٹمز افسر پہلے جمع کرائی گئی تفصیلات کی تصدیق کرے گا اور بیان حلفی کی توثیق کرتے ہوئے ڈیوائس کو ضبط کر لے گا۔

اس کے بعد وہ فرد سرٹیفکیشن آف کمپلائنس (سی او سی) جاری کرنے کے لیے پی ٹی اے میں توثیق شدہ بیان حلفی کو ایک درخواست کے ساتھ جمع کرائے گا، بعد ازاں سی او سی حاصل کرنے کے بعد درخواست گزار کسٹم انتظامیہ سے موبائل کے حصول کے لیے رابطہ کرے گا۔

ان تمام انتظامی عمل کے بعد اس ڈیوائس پر کسٹمز ڈیوٹی کا تعین کیا جائے گا، جس کی رقم نیشنل بینک آف پاکستان میں جمع ہوگی اور اس فرد کو موبائل فون واپس کردیا جائے گا۔

تاہم یہاں یہ بات واضح رہے کہ سی او سی کے جاری نہ ہونے کی صورت میں وہ موبائل فون ضبط کرلیا جائے گا۔

طریقہ کار میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ 31 دسمبر کی ڈیڈلائن کے بعد غیرقانونی موبائل ڈیوائسز کو ریگولرائز کرانے کا کوئی آپشن باقی نہیں رہے گا اور ایسی تمام ڈیوائسز فوری طور پر ضبط کرلی جائیں گی۔

اس کے علاوہ ان تمام ڈیوائسز کو پی ٹی اے کے ڈیوائس آئڈینٹی فکیشن رجسٹریشن اور بلاکنگ سسٹم (ڈی آر آئی بی ایس) کے ذریعے مستقل طور پر بلاک کردیا جائے گا۔

کوریئر کے ذریعے درآمد

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے ذاتی استعمال یا تحفے کے لیے پوسٹل سروس یا کوریئر کے ذریعے درآمد ہونے والی غیر رجسٹرڈ موبائل ڈیوائسز کے لیے بھی نیا طریقہ کار وضع کردیا گیا۔

ایسی موبائل ڈیوائسز کو کسٹمز انتظامیہ روک لے گی اور درخواست گزار کو ایک مہر لگا کر بیان حلفی جاری کرے گی، جس کے ساتھ ہی درخواست گزار پی ٹی اے پورٹل کے ذریعے دستاویزات جمع کراکے سی او سی کی سرٹیفکیشن کے لیے اپلائی کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی اے کا یکم دسمبر سے موبائل فون تصدیقی نظام نافذ کرنے کا فیصلہ

اس کے بعد پی ٹی اے روکی گئی ڈیوائسز کی واپسی کےلیے درخواست گزار کی ایس او پی کے مطابق آن لائن سی او سی جاری کرے گا، جس کی نقل کسٹم انتظامیہ کو دی جائے گی۔

پی ٹی اے کی جانب سے سی او سی کے جاری کرنے کے بعد درخواست گزار کسمٹز کو قابل وصول ڈیوٹی/ٹیکسز جمع کرائے گا، جس کے بعد روکی گئی ڈیوائسز صارف کو واپس کردی جائے گی۔

علاوہ ازیں بین الاقوامی مسافروں کی موبائل ڈیوائسز کو ریگولرائز کرنے کے لیے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر کسٹمز کاؤنٹرز قائم کردیے گئے ہیں، جہاں بیان حلفی فارم کے ذریعے انہیں ریگولرائز کردیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Amjad Dec 01, 2018 12:00pm
What is tax procedure on used mobile anybody know please inbox me