اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے قومی شناختی کارڈ پر درج پتے کے علاوہ کسی اور پتے پر رجسٹر شدہ ایک کروڑ 50 لاکھ ووٹرز کو ان کے مستقل پتوں پر رجسٹر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ای سی پی کے مطابق جو ووٹرز 31 دسمبر تک اپنے ووٹ کی رجسٹریشن سے متعلق فیصلہ کرنے میں ناکام رہیں گے انہیں شناختی کارڈ پر درج مستقل پتوں پر رجسٹر کردیا جائے گا۔

ایک سینئر ای سی پی عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ ’ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد کسی تیسرے پتے پر رجسٹر شدہ ووٹرز کو ان کے شناختی کارڈ پر درج مستقل پتے پر رجسٹر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن ایکٹ کی شق نمبر 27 کے مطابق ’کسی شخص کے شناختی کارڈ پر درج عارضی یا مستقل پتہ اس انتخابی علاقے کی حدود میں آتا ہے اس انتخابی علاقے کا رہائشی مانا جائے گا‘۔

مزید پڑھیں : الیکشن کمیشن کا سمندر پار پاکستانیوں کی رجسٹریشن کا حکم

انہوں نے کہا تھا کہ وہ افراد جو سرکاری ملازمت کے دوران عارضی طور پر کسی علاقے میں رہائش پذیر ہیں وہ انتخابی علاقے میں اندراج کروانے کے لیے رجسٹریشن افسر سے رابطہ کرسکتے ہیں، یہ سہولت ان کے اہلِ خانہ کے لیے بھی موجود ہے۔

الیکشن ایکٹ کی شق 27 کی ذیلی شق 4 کے مطابق ’کسی ووٹر کی رجسٹریشن قومی شناختی کارڈ میں درج عارضی یا مستقل پتے کے علاوہ کسی اور پتے پر اس وقت تک قائم رہے گی جب تک وہ اپنے ووٹ کی منتقلی یا نئے قومی شناختی کارڈ کے لیے درخواست نہیں دیتا جس کے مطابق اس کا ووٹ قومی شناختی کارڈ میں درج مستقل یا عارضی پتے پر منتقل ہوجائے گا‘۔

مذکورہ ذیلی شق میں درج شرائط کے مطابق ’ذیلی شق نمبر 4 اور اس شرط کو 31 دسمبر 2018 کے بعد خارج کردیا جائے گا‘۔

ای سی پی عہدیدار نے بتایا تھا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ افراد جن کا ووٹ اپنے شناختی کارڈ پر درج پتے کے علاوہ کسی اور پتے پر رجسٹر ہے، ان کے پاس اپنی رجسٹریشن سے متعلق فیصلہ کرنے کے لیے ایک ماہ سے کم وقت موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسری صورت میں ایسے ووٹرز کو ان کے مستقل پتوں پر رجسٹر کردیا جائے گا۔

انہوں نے اس بات سے اتفاق بھی کیا تھا کہ مذکورہ اقدام سے بڑی تعداد میں افراد قانونی چارہ جوئی کا راستہ اختیار کرسکتے ہیں لیکن ان کا کہنا تھا کہ ای سی پی کے پاس کوئی اور راستہ نہیں۔

انہوں نے بتایا تھا کہ الیکشن کمیشن نے ووٹرز میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے ایک مہم کا آغاز کیا تھا اور ایک عوامی نوٹس بھی شائع کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کا ضمنی انتخابات 14 اکتوبر کو کروانے کا اعلان

عہدیدار نے مزید بتایا تھا کہ 7 دسمبر کو ووٹرز کے قومی دن کے حوالے سے ایوان صدر میں منعقد تقریب میں صدر مملکت عارف علوی ووٹرز کو پیغام دیں گے۔

31 دسمبر کے بعد ضلعی الیکشن کمشنرز اپنے علاقوں میں موجود ایسے ووٹرز کی فہرست بنائیں گے جنہیں بھیجے جانے والے نوٹس میں ان کے شناختی کارڈ پر درج کیے گئے مستقل پتے پر رجسٹر کرنے سے متعلق بتایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ اس مقصد کے تحت ایک مہم کا آغاز بھی کیا جائے گا۔

ای سی پی عہدیدار نے بتایا کہ کسی اور پتے پر رجسٹر ووٹرز کو ان کے مستقل پتے پر رجسٹر کرنے کا عمل 31 مارچ 2019 تک مکمل کرلیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کو بھی اپنے ووٹرز کو اس حوالے سے آگاہ کرنے کا کہا گیا تھا۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 2 دسمبر 2018 کو شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں