متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سابق کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی سے کراچی میں جاری تجاوزات کے خلاف آپریشن فوری طور پر رکوانے کا مطالبہ کر دیا۔

کراچی میں اپنی رہائش گاہ میں ملیر ٹاؤن کے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ رابطہ کمیٹی مئیر کراچی وسیم اختر کو تجاوزات کے حوالے سے جاری آپریشن کو فوری بند کرنے کے احکامات دیں۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن کے نام پر عوام کے ساتھ ذیادتی کسی صورت قبول نہیں کی جائےگی۔

مزید پڑھیں: فاروق ستار کو 'ایم کیو ایم' کی بنیادی رکنیت سے خارج کرنے کا فیصلہ

ان کا کہنا تھا کہ رابطہ کمیٹی ایک طرف تو وسیم اختر کو آپریشن کا مینڈیٹ دے رہی ہے اور دوسری طرف آپریشن کے خلاف پریس کانفرنس کر رہی ہے۔

سابق کنوینر نے کہا کہ رابطہ کمیٹی مگرمچھ کے آنسو بہنا بند کرے، جن لوگوں کی جگہوں کو توڑا جا رہا ہے ان کو پہلے اس کا متبادل دیا جائے اُس کے بعد آپریشن کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ جب تک متبادل انتظام نہیں ہوتا اس وقت تک آپریشن بند کر دیا جائے۔

مہاجر صوبے کی تحریک چلانے کا اعلان

دوسری جانب ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے مہاجر صوبے کی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔

کراچی میں پانی کی قلت اور انسداد تجاوزات مہم پر تحفظات کے اظہار کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے ناگن چورنگی پر احتجاج کیا گیا۔

مظاہرین سے خطاب میں انہوں نے الزام لگایا کہ کراچی کو لوٹ کر دبئی میں جائیدادیں بنائی گئیں، پیپلزپارٹی شہر کی ہر شے کو فروخت کرنے کے بعد اب پانی بھی بیچ رہی ہے

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف میں شمولیت سے متعلق مشاورت کر رہا ہوں، فاروق ستار

وفاقی وزیرخالد مقبول صدیقی نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کا پانی کہاں گیا اپنے والد آصف علی زرداری سے پوچھیں۔

اس موقعے پر خواجہ اظہار الحسن نے خبردار کیا کہ اگر کراچی کو اس کا جائز حق نہیں ملا تو وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے اور سول نافرمانی کا اعلان کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں