اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، انڈیکس 13 سو پوائنٹس نیچے آگیا

اپ ڈیٹ 03 دسمبر 2018
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا بیرونی منظر — فائل فوٹو
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا بیرونی منظر — فائل فوٹو

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) شدید مندی کے رجحان کا شکار ہوگئی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 13 سو پوائنٹس سے نیچے آگیا۔

کاروباری ہفتے کے پہلے دن ابتدائی ایک گھنٹے کے اندر ہی مارکیٹ میں اتنی بڑی تبدیلی دیکھنے میں آئی۔

دن کا آغاز 40 ہزار 4 سو 96 پوائنٹس کے ساتھ ہوا تاہم اس میں تیزی سے تنزلی ہوئی اور کے ایس ای 100 انڈیکس ایک ہزار 3 سو 19 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 39 ہزار ایک سو 77 رنز پر پہنچ گیا تھا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان ( ایس بی پی) کی جانب سے 30 نومبر کو مانیٹری پالیسی کے اعلان کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں کمی دیکھنے میں آئی۔

مزید پڑھیں: روپے کی قدر میں کمی، صدر مملکت کی عوام کو مقامی اشیا خریدنے کی تجویز

واضح رہے کہ رواں برس 17 اگست سے 22 نومبر تک کے ایس ای 100 انڈیکس میں مجموعی طور پر ایک ہزار 5 سو 73 پوائنٹس کی کمی ہوئی تھی جو تقریباً 3.8 فیصد تھی۔

خیال رہے کہ پاکستان کی حکومت معیشت کو بہتری کی جانب لے کر جارہی ہے جبکہ ملک میں سیاسی صورتحال میں بھی مسائل دکھائی نہیں دیتے۔

مارکیٹ ماہرین کی جانب سے روپے کی گرتی ہوئی قدر کو بھی اسٹاک ایکسچینج پر اثر انداز ہونے کی وجہ سمجھا جارہا ہے کیونکہ امریکی ڈالر 30 نومبر کو انٹربینک میں 139.06 روپے پر بند ہوا تھا۔

ادھر کاروباری دن کے آغاز میں انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 55 پیسے اضافہ ہوا ہے اور وہ اب 138 روپے 55 پیسے ہوگئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں