بھارت کی اب تک کی سب سے مہنگی فلم ’ٹوا پوائنٹ زیرو‘ کو گزشتہ ماہ 29 نومبر کو بھارت سمیت دنیا بھر میں ہندی سمیت دیگر زبانوں میں ریلیز کیا گیا تھا۔

یہ خیال پہلے ہی کیا جا رہا تھا کہ رجنی کانت اور اکشے کمار کی یہ فلم کئی ریکارڈ توڑ کر نئے ریکارڈ بنانے میں کامیاب جائے گی، تاہم ریلیز کے پہلے دن ایسا ہوتے نظر نہیں آیا۔

اگرچہ ’ٹوا پوائنٹ زیرو‘ نے ریلیز کے پہلے ہی دن مجموعی طور پر 100 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی تھی، تاہم فلم کے ہندی ورژن نے انتہائی کم کمائی کرتے ہوئے محض 20 کروڑ روپے بٹورے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کی مہنگی ترین فلم ‘ٹو پوائنٹ زیرو’ کی پہلے دن حیران کن کمائی

تاہم ’ٹوا پوائنٹ زیرو‘ کے تامل اور تیلگو ورژنز نے پہلے ہی دن ریکارڈ توڑ کمائی کی اور فلم نے مجموعی طور پر پہلے ہی دن 100 کروڑ روپے کما کر سب کو حیران کردیا۔

اسی طرح 550 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والی فلم ’ٹوا پوائنٹ زیرو‘ نے محض ریلیز کے 4 دن کے اندر ہی 400 کروڑ روپے کماکر اب تک کی رواں برس کی سب سے زیادہ پیسے کمانے والی بھارتی فلم کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

فلم کو 29 نومبر کو ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ
فلم کو 29 نومبر کو ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ

فلم کو ریلیز کرنے والے پروڈکشن ہاؤس لوشیا نے اپنی ٹوئیٹ میں دعویٰ کیا کہ فلم نے دنیا بھر سے 400 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کرکے بلاک بسٹر فلم کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

مزید پڑھیں: ٹو پوائنٹ زیرو 2 دن میں 100 کروڑ کمانے میں کامیاب

ٹوئیٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ریلیز کے ابتدائی 4 دن کے اندر 400 کروڑ کمانے کے بعد یہ فلم نے صرف بلاک بسٹر بلکہ میگا بلاک بسٹر بھی بن گئی۔

بولی وڈ تجزیہ نگار ترن آدرش نے بھی اپنی ٹوئیٹ میں بتایا کہ ’ٹوا پوائنٹ زیرو‘ کے ہندی ورژن نے ریلیز کے ابتدائی 4 دن کے اندر 97 کروڑ روپے کمالیے۔

یوں ’ٹوا پوائنٹ زیرو‘ ابتدائی 4 دن میں 100 کروڑ کلب میں شامل ہونے والی رواں برس کی 12 ویں ہندی فلم بھی بن گئی۔

مزید پڑھیں: ریلیز سے قبل ہی 370 کروڑ روپے کمانے والی فلم

علاوہ ازیں فلم ساز کرن جوہر نے بھی اپنی ٹوئیٹ میں بتایا کہ دھرما پروڈکشن کے تعاون سے ریلیز ہونے والے ’ٹوا پوائنٹ زیرو‘ کے ہندی ورژن نے 4 دن میں 100 کروڑ روپے کمالیے۔

فلم میں ایمی جیکسن بھی شاندار اداکاری کرتی دکھائی دیں—اسکرین شاٹ
فلم میں ایمی جیکسن بھی شاندار اداکاری کرتی دکھائی دیں—اسکرین شاٹ

’ٹوا پوائنٹ زیرو‘ نے جہاں باکس آفیس کے ذریعے 4 دن میں 400 کروڑ روپے بٹورے ہیں، وہیں اس فلم نے ٹی وی اور ڈیجیٹل رائیٹس کے ذریعے بھی ریلیز سے پہلے ہی 370 کروڑ روپے کمالیے تھے۔

یعنی فلم نے اب تک مجموعی طور پر 750 کروڑ روپے کمالیے ہیں، جو فلم کے بجٹ سے 200 کروڑ روپے زائد ہیں۔

فلم میں اکشے کمار ولن کے روپ میں نظر آئے—اسکرین شاٹ
فلم میں اکشے کمار ولن کے روپ میں نظر آئے—اسکرین شاٹ

یہ فلم بھارت کی 2010 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘اینتھریان‘ یعنی ‘روبوٹ‘ کا سیکوئل ہے، جس میں رجنی کانت ہی ڈبل کرداروں میں نظر آئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمینیٹر،دی نن، بیٹ مین اور ڈیڈپول سے بھی مہنگی بھارتی فلم

’پوائنٹ ٹو زیرو‘ کی ہدایات تامل فلموں کے معروف ڈائریکٹر شنکر نے دی ہیں اور اس میں اکشے کمار اور رجنی کانت کے علاوہ ایمی جیکسن سمیت کئی اداکار ایکشن میں دکھائی دیے۔

اس فلم کے صرف ایک گانے کی شوٹنگ پر 20 کروڑ روپے خرچ کیے گئے، جب کہ فلم میں اکشے کمار اور رجنی کانت کی لڑائی کے چند مناظر پر بھی 20 کروڑ روپے کا خرچ کیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں