عاطف اسلم نے میڈیا کے سامنے کم آنے اور انٹرویوز نہ دینے کی وجہ بتادی

اپ ڈیٹ 04 دسمبر 2018
لوگ سوچے بغیر کسی کے لیے رائے بنا لیتے ہیں، گلوکار—اسکرین شاٹ
لوگ سوچے بغیر کسی کے لیے رائے بنا لیتے ہیں، گلوکار—اسکرین شاٹ

’دل دیاں گلاں، کچھ اس طرح، عادت، تو جانے نا، میں رنگ شربتوں کا، دیکھتے دیکھتے اور بے انتہا‘ جیسے گانوں سے دنیا بھر میں اپنے کروڑوں مداح بنانے والے پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کو میڈیا پر کم دیکھا جاتا ہے۔

اگرچہ وہ اپنے گانوں اور موسیقی کی وجہ سے لوگوں کے دلوں پر چھائے رہتے ہیں، تاہم انہیں میڈیا کو بھی کم انٹرویوز دیتے ہوئے دیکھا جاتا ہے۔

ان کے مداح جاننا چاہتے ہیں کہ عاطف اسلم بالآخر دیگر گلوکاروں اور شخصیات کی طرح میڈیا کے سامنے کم کیوں آتے ہیں اور وہ انٹرویوز کیوں نہیں دیتے۔

تاہم اب خود انہوں نے اس حوالے سے وضاحت کی ہے کہ وہ کیوں میڈیا کے سامنے کم آتے ہیں اور وہ انٹریوز کیوں نہیں دیتے۔

’اسپیک یوئر ہارٹ ود ثمینہ پیرزادہ‘ میں بات کرتے ہوئے عاطف اسلم نے بتایا کہ انہیں میڈیا کے سامنے آنا اور اپنی تشہیر کرنا اچھا نہیں لگتا اور نہ ہی وہ اپنے حوالے سے ہونے والی چہ مگوئیوں پر صفائی دینے کے عادی ہیں۔

عاطف اسلم نے ماضی کا قصہ یاد کرتے ہوئے بتایا کہ جب کچھ ذاتی وجوہات کی بناء پر انہوں نے میوزیکل بینڈ ’جل‘ کے ساتھ کام کرنا چھوڑ دیا تھا تو میڈیا نے ان کے خلاف غلط باتیں لکھی تھیں۔

گلوکار نے بتایا کہ اس وقت تمام اخبارات اور میگزین نے یہی لکھا کہ میوزیکل بینڈ میری وجہ سے تحلیل ہوا ہے اور میری ہی غلطی ہے، تاہم انہوں نے یہ خبریں پڑھنے کے باوجود کچھ نہیں بولا۔

خوش رہنا اہلیہ نے سکھایا، گلوکار—فوٹو: سارہ بھوانی اسلم انسٹاگرام
خوش رہنا اہلیہ نے سکھایا، گلوکار—فوٹو: سارہ بھوانی اسلم انسٹاگرام

’دل دیاں گلاں‘ گلوکار کے مطابق جس اخبار نے اپنے فرنٹ پیج پر ان کے خلاف غلط خبر شائع کی، آج وہی اخبار اور اسی میڈیا گروپ کا چینل ان سے انٹرویو کے لیے منتیں کرتا ہے اور وہ انہیں مختصرا کہتے ہیں کہ ان کے پاس وقت نہیں۔

عاطف اسلم نے لوگوں کے رویوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سب سے زیادہ نفرت لوگوں کی رائے سے ہوتی ہے، جب کوئی کسی کے لیے رائے دیتا ہے تو یہ خیال تک نہیں کرتے کہ ان کی رائے سے کسی کی شخصیت کس قدر متاثر ہوگی۔

انہوں نے ایک مثال دیتے ہوئے بتایا کہ حال ہی میں ایک نوجوان لڑکی نے لوگوں کی رائے اور خیالات کے باعث ہی خودکشی کی۔

پہلی خوشی عابدہ پروین کی جانب سے ایک ساتھ گانے کی پیش کش پر ہوئی، گلوکار—فوٹو: انسٹاگرام
پہلی خوشی عابدہ پروین کی جانب سے ایک ساتھ گانے کی پیش کش پر ہوئی، گلوکار—فوٹو: انسٹاگرام

تاجدار حرم جیسے کلاموں سے لوگوں کا دل جیتنے والے گلوکار کا کہنا تھا کہ انہیں زندگی میں سب سے بڑی خوشی اس وقت ہوئی، جب کہ عابدہ پروین نے انہیں بلا کر کہا کہ وہ ان کے ساتھ پرفارمنس کرنا چاہتی ہیں۔

عاطف اسلم کے مطابق وہ اس خوشی کو لفظوں میں بیان نہیں کرسکتے، جب عابدہ پروین نے ان سے ایک ساتھ گانے کے لیے کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ عابدہ پروین بہت بڑی شخصیت ہیں اور وہ ان کا بہت احترام کرتے ہیں۔

گلوکار نے بتایا کہ وہ عابدہ پروین کے لیے گاڑی کا دروازہ کھولتے تھے، تاہم انہوں نے انہیں منع کردیا اور کہا کہ کسی بھی شخص کے لیے احترام اور عزت دل میں ہوتا ہے۔

دیکھتے دیکھتے گلوکار کا کہنا تھا کہ ان کی کوئی بھی بہن نہیں تھی، اس لیے بچپن میں انہیں بہن کی کمی محسوس ہوتی رہی۔

اپنے زمانہ طالب علمی کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کالج میں تمام لڑکیاں ان کے ساتھ آکر گفتگو کیا کرتی تھیں اور ان کے بوائے فرینڈز ان پر ناراض ہوتے تھے کہ وہ ان سے کیوں بات کرتی ہیں۔

عاطف اسلم کے مطابق اگرچہ وہ لڑکیوں کو اپنی باتیں کم بتاتے تھے، تاہم وہ اپنی داستانیں اور قصے انہیں سنایا کرتی تھیں اور وہ ایسا کیوں کرتی تھیں، اس کا علم انہیں آج تک نہیں ہوسکا۔

گلوکار نے اپنی شادی اور محبت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے سارہ بھوانی سے شادی سے قبل 7 سال تک ان سے تعلقات استوار کیے رکھے۔

عاطف اسلم کے مطابق انہیں خوشیاں منانا اور خوش زندگی گزارنا اپنی اہلیہ نے سکھایا اور وہ ہی ان کی پہلی اور آخری محبت ہیں۔

عاطف اسلم نے زندگی سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی نظر میں زندگی خوش رہنے، والدین کو خوش دیکھنے، گھروالی سے پیار کرنے، بچے کو محبت دینے، سچے لوگوں سے محبت کی باتیں کرنے اور دنیا میں خوشیاں اور عزت بانٹنے کا نام ہے۔

View this post on Instagram

Happy Eid Everyone 💞 P.C : @daartistphoto

A post shared by Sara Bharwana Aslam (@sarabharwana_) on

خیال رہے کہ عاطف اسلم نے 2013 میں سارہ بھوانی سے شادی کی اور 2014 میں ان کے ہاں بیٹا ہوا۔

عاطف اسلم نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت اور ہولی وڈ میں بھی اپنی آواز کا جادو جگا چکے ہیں۔

انہوں نے بطور گلوکار لاہور کے میوزیکل بینڈ ’جل‘ سے کام کیا، تاہم بعد ازاں وہ بینڈ سے الگ ہوگئے۔

عاطف اسلم نے نہ صرف گلوکاری کی ہے بلکہ انہوں نے فلموں میں بھی کام کیا ہے اور ماڈلنگ بھی کرتے ہیں، تاہم وہ خود کو صرف گلوکار مانتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں