بولی وڈ اداکارہ کترینہ کیف نے حریف اداکارہ دپیکا پڈوکون کی شادی کے استقبالیہ کی تقریب میں شرکت کرکے صرف میڈیا کو ہی نہیں بلکہ بولی وڈ میں اپنے کئی ساتھیوں کو حیران کردیا تھا۔

کترینہ کیف نے یکم دسمبر کو رکھے دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی کے استقبالیہ میں خوبصورت ساڑھی میں جلوہ گر ہوکر شرکت کی۔

ان کا اس تقریب میں شرکت کرنا حیران کن اس لیے تھا کیوں کہ کترینہ کیف ہی وہ اداکارہ تھیں جن کی وجہ سے رنبیر کپور نے دپیکا کے ساتھ بریک اپ کیا۔

مزید پڑھیں: 'کامیاب شادی کا راز بیوی کی ہر بات پر ہاں کرنا ہے'

یاد رہے کہ رنبیر کپور اور دپیکا پڈوکون نے اپنے کیریئر کا آغاز 2007 میں ایک ساتھ کیا تھا، جس کے بعد سے ان دونوں کے رشتے کی خبریں بھی سامنے آئیں، جبکہ رنبیر اور دپیکا نے خود بھی کھل کر اپنے رشتے کا اعتراف میڈیا کے سامنے کیا۔

تاہم 2009 میں فلم ’عجب پریم کی غضب کہانی‘ کی شوٹنگ کے دوران رنبیر کپور کترینہ کیف کے قریب ہوگئے، جس کے بعد انہوں نے دپیکا پڈوکون کو چھوڑ دیا۔

دپیکا نے خود بھی اپنے انٹرویو میں اس بات کا اعتراف کیا کہ رنبیر کپور نے انہیں دھوکا دیا۔

یہ بھی پڑھیں: رنبیر-دپیکا کی کامیاب آن اسکرین جوڑی پر کترینہ کا ردعمل

تاہم بعدازں 2016 میں رنبیر کپور اور کترینہ کیف کا بھی بریک اپ ہوگیا، جس پر اداکارہ کا کہنا تھا ان کا رشتہ کمزور تھا۔

رنبیر کپور اس وقت عالیہ بھٹ کے ساتھ رشتے میں ہیں۔

ان دونوں نے جلد شادی کرنے کی امید کا بھی اظہار کیا ہے۔

حال ہی میں کترینہ کیف نے ووگ کے لیے ایک میگزین شوٹ کیا، اس میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے کترینہ نے رنبیر کپور سے ہوئے بریک اپ کے حوالے سے بھی بات کی۔

مزید پڑھیں: کترینہ سے دوری، رنبیر کو عالیہ کے قریب لے آئی

کترینہ کیف کا کہنا تھا کہ ’شاید زندگی میں پہلی مرتبہ میں نے خود پر فوکس کیا ہوگا، اور جب آپ خود پر فوکس کرتے ہیں تو ہی اس بات کا اندازہ ہوتا ہے کہ آپ خود کو جانتے ہی نہیں ہیں‘۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ’میں رنبیر سے ہوئے اپنے بریک اپ کو کسی نعمت سے کم نہیں سمجھتی، کیوں کہ ایسا ہونے کے بعد ہی مجھے اپنی اہمیت اپنی سوچ اور اپنی خواہشات کا اندازہ ہوا‘۔

کترینہ نے یہ بھی کہا کہ انہیں اپنے بریک اپ پر کسی قسم کا کوئی افسوس نہیں۔

کام کے حوالے سے بات کی جائے تو کترینہ کیف اس وقت اپنی فلم ’زیرو‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں جو رواں ماہ 21 دسمبر کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔

ان کی آخری ریلیز فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ باکس آفس پر بری طرح ناکام ہوئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں