پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے وزیرِ اعظم عمران خان کے بیان کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے مسلح افواج سے ’منشور کی حمایت سے متعلق بیان‘ پر ان کی پوزیشن کی وضاحت طلب کرلی۔

خیال رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے بیان دیا تھا کہ مسلح افواج بھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منشور کی حمایت کرتی ہیں۔

پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’فوج کو عمران خان کے بیان پر اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہیے، حکمراں جماعت کے منشور میں اپوزیشن سے متعلق قابلِ اعتراض چیزیں موجود ہیں'۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیا پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے خاموشی کو عمران خان کے بیان کی تصدیق سمجھا جائے؟ یا پھر ہمیں یہ اخذ کرلینا چاہیے کہ قومی ادارہ دوسری سیاسی جماعتوں کے منشور کے ساتھ نہیں کھڑا ہوا۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم کے صحافیوں کو انٹرویو پر اپوزیشن کی شدید تنقید

پارٹی کے سینئر رہنما چوہدری منظور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ قومی اداروں کو کسی جماعت کے منشور کے بجائے حکومتی فیصلوں کے ساتھ ہونا چاہیے کیونکہ یہ منشور حکومت کی جانب سے نہیں بلکہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے بنائے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاک فوج کے موجودہ حکومت کے ساتھ تعاون کو سرہاتے ہیں تاہم یہ سوال ضرور ہے کہ قومی ادارے نے ایسا تعاون گزشتہ حکومتوں کے ساتھ کیوں نہیں کیا۔

پی پی پی رہنما نے سوال کیا کہ جو لوگ وطن کی خاطر اپنی جان قربان کررہے ہیں کیا وہ پاکستانی نہیں ہیں؟

ماضی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ 1988 کے الیکشن سے قبل اسلامی جمہوری اتحاد (آئی جے آئی) اور 2002 کے انتخابات سے قبل محب وطن نامی گروہ پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف ترتیب دیے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان نے بتایا امیر بننے کا نسخہ

وزیرِ اعظم پر تنقید کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) عمران خان کے کنٹرول میں ہے اور وہ کم از کم 50 اپوزیشن لیڈرز کو جیل بھجوا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر وزیرِاعظم میں ہمت ہے تو وہ ایف آئی اے کو کرپشن کے ثبوت فراہم کریں، وزیرِ اعظم نیب کو بھی کرپشن کے شواہد فراہم کر کے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

پی پی پی رہنما نے نیب سیاست سے پاک کرنے اور اس کی تفتیش کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے اس میں اصلاحات کے لیے اپوزیشن کو تعاون کی پیشکش کی۔

انہوں نے وزیرِاعظم عمران خان کو چیلنج کیا کہ وہ ان افراد کا نام لیں جنہوں نے 11 ارب ڈالر بیرون ملک بینکوں میں بھجوائے۔

پی پی پی کے رہنما نے وزیرِ اعظم کو صدارتی آرڈیننس کے تحت حکومت چلانے کے مشورے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت اپوزیشن کی جانب سے ملک کے وسیع تر مفادات میں تعاون کی یقین دہانی کے باوجود قانون سازی میں خوفزدہ ہے۔


یہ خبر 05 دسمبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں