یورپ اور لاطینی امریکا کے کئی ممالک میں کارروائیوں کے دوران 'انڈرانگیٹا مافیا' سے تعلق رکھنے والے 90 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق گرفتار کیے گئے مشتبہ افراد اٹلی کے جنوبی حصے میں موجود طاقتور اور منظم مجرمانہ تنظیم کے اہم اراکین ہیں۔

اطالوی پولیس کی جانب سےجاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ یہ افراد ’سنجیدہ جرائم‘ میں ملوث ہیں، جن میں منشیات کی اسمگلنگ قابل ذکر ہے۔

مافیا کے خلاف وسیع پیمانے پر آپریشن جرمنی، بیلجیئم اور ڈچ حکام کے اشتراک سے اٹلی کی انسداد مافیا اور انسداد دہشت گردی فورس کی جانب سے کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: اٹلی: سسلین مافیا ‘گاڈ فادر’ پولیس کے ہاتھوں گرفتار

’انڈرانگیٹا‘ ایک یونانی لفظ ہے جس کے معنی ’بہادری' کے ہیں، یہ مافیا کلاربیا کے دیہی، پہاڑی اور غیر ترقی یافتہ علاقے کے چند گاؤں اور خاندانی قبائل پر مشتمل ہے۔

پولیس کی جانب سے کئی بار گرفتاریوں کے باوجود اس تنظیم کے دائرہ کار میں اضافہ ہوا ہے۔

انسداد مافیا پراسیکیوٹرز کے مطابق یہ تنظیم اثر و رسوخ کے حوالے سے سسلین مافیا اور کیمورا سے آگے نکل چکی ہے اور یہ واحد تنظیم ہے جو تمام براعظموں میں آپریٹ کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سسیلین مافیا کا ’بیسٹ‘ توتو رینا چل بسا

خیال رہے کہ گزشتہ روز اٹلی کی پولیس نے سسلین مافیا کے سربراہ سیلواتورے توتو رینا کی وفات کے بعد متوقع نئے سربراہ سیٹیمو مینیو سمیت 46 کارندوں کو گرفتارکیا تھا۔

اٹلی کے وزیر داخلہ میتیو سیلوینی کا کہنا تھا کہ سسلین کے مرکز پالیرمو میں ہونے والی یہ کارروائی ‘غیر معمولی آپریشن تھا’۔

سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ پولیس کو وائر ٹیپس کے ذریعے معلومات حاصل ہوئی تھیں کہ 29 مئی کو مافیا کے سربراہ کے چناؤ کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں سیتیمو مینیو کو مافیا کا سربراہ ‘کپولا’ منتخب کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں