کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ زمین سے گھری وسطی ایشیائی ریاستوں کو سمندری راستوں اور دنیا کے تمام ممالک سے کاروبار کے لیے تجارتی کوریڈور تک رسائی فراہم کرنے کے لیے گوادر بندرگاہ ایک دروازے کی حیثیت سے کام کرسکتی ہے۔

بلوچستان حکومت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعلیٰ نے یہ بات روس کے شہر چیلیابنسک میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے علاقائی فورم کے سربراہی کے اجلاس سے خطاب میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ ’پاکستان اور چین خطے اور اس سے باہر رابطے، تجارت اور سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے گوادر بندرگاہ کی تعمیر کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں‘۔

مزید پڑھیں: ’سی پیک سے گوادر کو سب سے زیادہ فائدہ پہچنا چاہیے‘

خیال رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم میں 8 ریاستیں شامل ہوتی ہیں، جن میں پاکستان، چین، روس، بھارت، ازبکستان، تاجکستان، قارقستان اور کرغستان شامل ہیں جبکہ 4 الگ ریاستوں تنظیم میں مبصرین کی حیثیت رکھتی ہیں۔

اس کے بنیادی مقاصد میں باہمی اعتماد کی مضبوطی اور اچھے ہمسایہ تعلقات، سیاست میں موثر تعاون کو فروغ دینا، تجارت اور معیشت، سائنس اور ٹیکنالوجی، ثقافت، تعلیم، توانائی، ٹرانسپورٹیشن، سیاحت اور ماحولیاتی تحفظ شامل ہے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے اس اجلاس کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان کے وزیر اعلیٰ جام کمال کو بلوچستان اور پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے نامزد کیا تھا جبکہ پنجاب کے وزیر میاں محمد اسلم اقبال، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی کامران خان بنگش اور ایس سی او ڈائریکٹ عامر شوکت بھی پاکستانی وفد میں شامل ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس مربوط دنیا میں شنگھائی تعاون تنظیم جیسی علاقائی تنظیمیں خطے میں سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے اقدامات اور پالیسیوں میں ہم آہنگی پیدا کرنے، امن اور ترقی کے لیے اہم کردار کرسکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: یہ گوادر ویسا تو نہیں ہے ۔ ۔ ۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم روسی فیڈریشن اور چلیابنسک کے انتہائی شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اس اہم پلیٹ فارم کے لیے ہمیں اس ساتھ مدعو کیا۔

جام کمال کا کہنا تھا کہ ’ہم خاص طور پر گورنر چلیابنسک ڈبرووسکی کا شکریہ ادا کرتے ہیں، جنہوں نے فورم کے پہلے اجلاس کے انعقاد کے لیے اقدام اٹھایا‘۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’ میں آپ سب کو دعوت دیتا ہوں کہ بلوچستان کا دورہ کریں یا اپنے سرمایہ کاروں کو صوبے میں باہمی فائدے اور تعاون کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے بھیجیں، میری حکومت تمام سرمایہ کاروں کو ہم ممکن سہولت فراہم کرنے کو تیار کھڑی ہے‘۔


یہ خبر 06 دسمبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (1) بند ہیں

Talha Dec 06, 2018 11:53am
PTI nay kuch tou acha kiya.....