’خوشی ہے آج امریکا پاکستان کا مؤقف تسلیم کر رہا ہے‘

اپ ڈیٹ 06 دسمبر 2018
وزیرِ اعظم عمران خان کابینہ اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں — فوٹو، ڈان نیوز
وزیرِ اعظم عمران خان کابینہ اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں — فوٹو، ڈان نیوز

اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ آج امریکا پاکستان کا مؤقف تسلیم کر رہا ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ شکر ہے کہ آج عالم اقوام میں امن کے قیام کے سلسلے میں پاکستان کے کردار پر بات ہورہی ہے۔

اپنے خطاب کے دوران وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان 15 سال سے عالمی طاقتوں کو یہ باور کروارہا ہے کہ افغان تنازع کا حل طاقت کے استعمال سے ممکن نہیں ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے اور اس بات کو امریکا کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کی قیادت میں اسلام آباد آنے والے وفد نے بھی تسلیم کیا۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم نے سوشل پروٹیکشن فریم ورک کی منظوری دے دی

وزیرِ اعظم نے بتایا کہ زلمے خلیل زاد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کہنے پر پاکستان آئے اور انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے مؤقف کی بھی تائید کی۔

انہوں نے بتایا کہ امریکا چاہتا ہے کہ پاکستان افغان طالبان کو مذاکرات کی میر پر لانے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔

یمن جنگ سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اس تنازع کے بارے میں ایران اور سعودی عرب سے بات چیت بھی کی ہے۔

کرتار پور راہداری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس راہداری کو کھولنے سے متعلق معاملے کو سیاسی رنگ دیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے کرتارپور سرحد کھولنے کے فیصلے پر بھارت کی توثیق

وزیرِ اعظم نے کہا کہ یہ معاملہ تقریب حلف برداری کے بعد شروع ہوا تھا جبکہ تحریک انصاف کی حکومت چاہتی ہے کہ تمام مذاہب عبادات اور زیارت سے متعلق سہولیات فراہم کی جائیں۔

پاکستان کی اقتصادی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ وزارتِ خزانہ بہت مشکل حالات میں کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین کہہ رہے ہیں کہ ملک کے معاشی حالات خرابی کی جانب جارہے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری بھی آرہی ہے۔

عمران خان نے بتایا کہ گاڑیاں بنانے والی جاپانی کمپنی سوزوکی کمپنی نے پاکستان میں 45 کروڑ ڈالر اور معروف سافٹ ڈرنک کمپنی پیپسی نے 40 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں