ایک ہی ہفتے میں بجٹ سے 320 کروڑ روپے زائد کمانے والی فلم

06 دسمبر 2018
فلم میں ایمی جیکسن مرکزی کردار میں نظر آئیں—اسکرین شاٹ
فلم میں ایمی جیکسن مرکزی کردار میں نظر آئیں—اسکرین شاٹ

بھارت کی سب سے مہنگی ترین فلم ’ٹو پوائنٹ زیرو’ کو یوں تو گزشتہ ماہ 29 نومبر کو ریلیز کیا گیا تھا۔

تاہم اس فلم نے ایک ہی ہفتے میں ریکارڈ کمائی کرکے نئے اعزازات اپنے نام کرلیے۔

اگرچہ اکشے کمار اور رجنی کانت کی اس فلم کے ہندی ورژن نے ایک ہی ہفتے میں دنیا بھر سے اب تک صرف 132 کروڑ روپے ہی کمائے ہیں۔

تاہم اس فلم کے تمام ورژنز نے مجموعی طور پر 7 دن میں سینما گھروں سے ریکارڈ کمائی کرنے سمیت سیٹ لائیٹ حقوق کی مد میں بھی 370 کروڑ روپے کما کر نئی تاریخ رقم کردی۔

رجنی کانت روبوٹ کے روپ میں نظر آئے—اسکرین شاٹ
رجنی کانت روبوٹ کے روپ میں نظر آئے—اسکرین شاٹ

رپورٹس کے مطابق اس فلم کو 550 کروڑ یعنی ساڑھے 5 ارب روپے کے بجٹ سے تیار کیا گیا تھا، جس کا صرف ایک گانا ہی 20 کروڑ روپے کے خرچ سے تیار کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹو پوائنٹ زیرو 2 دن میں 100 کروڑ کمانے میں کامیاب

جہاں اس فلم کے گانے پر 20 کروڑ روپے لگائے گئے تھے، وہیں اس فلم میں ولن اکشے کمار اور ہیرو رجنی کانت کے درمیان ہونے والی لڑائی کے چند مناظر پر بھی 20 کروڑ روپے خرچ کیے گئے تھے۔

یعنی اس فلم کے کچھ مناظر کا خرچ عامر خان اور اکشے کمار کی کچھ پوری فلموں سے بھی زیادہ تھا۔

فلم کو ہندی، تامل اور تیلگو زبانوں میں ریلیز کیا گیا—اسکرین شاٹ
فلم کو ہندی، تامل اور تیلگو زبانوں میں ریلیز کیا گیا—اسکرین شاٹ

’ٹو پوائنٹ زیرو‘ کو ہندی سمیت تیلگو اور تامل زبانوں میں بھی 29 نومبر کو دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا تھا، جب کہ اسے ٹو ڈی سمیت تھری ڈی میں بھی ریلیز کیا گیا تھا۔

اس فلم کو کرن جوہر کی پروڈکشن کمپنی دھرما اور لوشیا پروڈکشن نے مل کر دنیا بھر میں ریلیز کیا تھا۔

اکشے کمار کے روپ نے سب کو حیران کیا—اسکرین شاٹ
اکشے کمار کے روپ نے سب کو حیران کیا—اسکرین شاٹ

فلم کو ریلیز کرنے والی پروڈکشن کمپنی لوشیا نے اپنی ٹوئیٹ میں بتایا کہ فلم نے ابتدائی ایک ہی ہفتے میں دنیا بھر سے 500 کروڑ روپے کمالیے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی بھارتی فلم ابتدائی ہفتے میں ہی 500 کروڑ کلب میں شامل ہوئی۔

مزید پڑھیں: ’ٹو پوائنٹ زیرو‘ کی 4 دن کی کمائی 400 کروڑ

کرن جوہر نے بھی ٹوئیٹ کی کہ ’ٹو پوائنٹ زیرو‘ نے دنیا بھر سے 7 دن کے اندر 500 کروڑ روپے بٹور لیے۔

جہاں اس فلم نے سینما گھروں سے دنیا بھر سے 500 کروڑ روپے بٹورے، وہیں اس فلم کے ٹی وی اور ڈیجیٹل حقوق بھی 370 کروڑ روپے میں فروخت کیے گئے تھے۔

یعنی اس فلم نے اب تک مجموعی طور پر 870 کروڑ روپے کمالیے ہیں، جو کہ اس کے بجٹ سے 320 کروڑ روپے زائد ہیں۔

فلم میں 67 سالہ رجنی کانت 26 سالہ ایمی جیکسن سے پیار کرتے دکھائی دیے—اسکرین شاٹ
فلم میں 67 سالہ رجنی کانت 26 سالہ ایمی جیکسن سے پیار کرتے دکھائی دیے—اسکرین شاٹ

خیال کیا جا رہا ہے کہ مزید ایک ہفتے میں یہ فلم ایک ہزار کروڑ روپے کمانے میں کامیاب جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ٹو پوائنٹ زیرو ریلیز سے قبل ہی 370 کروڑ روپے کمانے والی فلم

یہ فلم 2010 میں ریلیز ہونے والی رجنی کانت کی فلم ’روبوٹ‘ کا سیکوئل ہے، اس بار فلم میں جہاں ایشوریا رائے کی جگہ ایمی جیکسن کو کاسٹ کیا گیا ہے، وہیں فلم میں اکشے کمار کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

فلم میں اکشے کمار طاقتور ولن جب کہ رجنی کانت روبوٹ ہیرو کے روپ میں نظر آئے ہیں اور ایمی جیکسن بھی اس کا ساتھ دیتی نظر آتی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں