پاکستان کو تیسرے میچ میں شکست، نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ سیریز 1-2 سے جیت لی

07 دسمبر 2018
پاکستان کی کرکٹ ٹیم کو مشکلات کا سامنا رہا—فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کی کرکٹ ٹیم کو مشکلات کا سامنا رہا—فوٹو: اے ایف پی

نیوزی لینڈ نے تیسرے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کو شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی اور 280 رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم 156 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

ابوظہبی کے شیخ زاید اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے آخری روز نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز 353 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی تھی، جس کے بعد پاکستان کو جیت کے لیے 280 رنز کا ہدف ملا۔

280 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ابتدا سے ہی قومی ٹیم مشکلات کا شکار رہی اور اپنے ٹیسٹ کیئر کی آخری اننگز کھیلنے والے محمد حفیظ 19 کے مجموعی اسکور پر صرف 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

اوپنر کے آؤٹ ہوتے ہی اظہر علی نے ذمہ داری سنبھالی لیکن وہ بھی ناکام رہے اور 32 رنز پر پاکستان کے 2 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے اور اظہر علی صرف 5 رنز بنا سکے۔

اظہر علی کے بعد پاکستان کی تیسری اور چوتھی وکٹ صرف 11 رنز کے اضافے کے بعد گر گئی اور 43 کے مجموعی اسکور پر حارث سہیل 9 جبکہ اسد شفیق بغیر کوئی رنز پنا کر پویلین لوٹ گئے۔

43 رنز پر 4 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم ٹیم کو سہارا دینے آئے لیکن کیریز کی دوسری جانب موجود اوپنر امام الحق ان کا زیادہ ساتھ نہیں دے سکے اور کھانے کے وقفے تک 55 کے مجموعی اسکور پر آدھی ٹیم پولین لوٹ گئی۔

وقفے کے بعد کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور بابر اعظم نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا لیکن 98 کے مجموعی اسکور پر سرفراز احمد 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد آنے والے کھلاڑی بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے اور بلال آصف 12 اور یاسر شاہ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

8 کھلاڑیوں کے آؤٹ کے باوجود بابر اعظم ٹیم کے لیے ایک امید تھے لیکن ان کی کارکردگی بھی ٹیم کے لیے فائدے مند ثابت نہیں ہوئی اور پاکستان کی پوری ٹیم 156 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 123 رنز سے میچ اپنے نام کرلیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی، اے پٹیل اور سومرولی نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ گرینڈ ہوم کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

قبل ازیں 5 ویں روز کے آغاز پر نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 272 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو پہلی ہی گیند پر کپتان کین ولیم سن 139 رنز بنا کر حسن علی کی گیند ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

کین ولیم سن کے آؤٹ ہونے کے بعد سی ڈی گرینڈہوم اور ایچ ایم نکولس نے کیوی ٹیم کو سہارا دیا اور اسکور 334 پر پہنچایا۔

334 کے اسکور پر کیوی ٹیم کی 6 اور 7 ویں وکٹ گری اور گرینڈ سم 26 جبکہ بی جے والٹنگ بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوگئے۔

جس کے بعد ٹیم ساؤتھی اور نیکولس نے اسکور کو آگے بڑھایا اور 353 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر اننگرز کو ڈیکلیئر کردیا۔

کیوی ٹیم کی جانب سے نکولس 126 رنز جبکہ ٹم ساؤتھی 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں یاسر شاہ نے 4، شاہین آفریدی نے 2 جبکہ حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ نے 274 رنز جبکہ پاکستان نے 348 رنز بنائے تھے اور اس طرح پاکستان کو 74رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں