تیز ترین 200 وکٹیں: وزیراعظم کی ریکارڈ توڑنے پر یاسر شاہ کو مبارکباد

اپ ڈیٹ 07 دسمبر 2018
یاسر شاہ نے آسٹریلیا کے لیجنڈری لیگ اسپینر کلیری گریمیٹ کا ریکارڈ توڑدیا  — فائل فوٹو
یاسر شاہ نے آسٹریلیا کے لیجنڈری لیگ اسپینر کلیری گریمیٹ کا ریکارڈ توڑدیا — فائل فوٹو

وزیراعظم عمران خان نے قومی ٹیم کے لیگ اسپنر یاسر شاہ کو 33 میچوں میں 200 وکٹیں لے کر 82 سالہ ریکارڈ توڑنے پر مبارکباد پیش کی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں وزیراعظم نے یاسر شاہ کو مبارک باد دی اور لکھا کہ ’یاسر شاہ نے آسٹریلوی باؤلر کا ریکارڈ توڑ کر صرف 33 میچوں میں تیز ترین 200 ٹیسٹ وکٹوں کا سنگ میل عبور کرنے والے باؤلر کا اعزاز حاصل کرلیا‘۔

وزیراعظم نے یاسر شاہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید لکھا کہ ’گزشتہ ہفتے انہوں نے ٹیسٹ میچ میں 14 وکٹیں لے کر میرا ریکارڈ بھی برابر کیا تھا‘۔

خیال رہے کہ یاسر شاہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ کی دوسری اننگز میں کیوی بلے باز ولیم سمر ویلے کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے یہ سنگِ میل عبور کیا تھا۔

مزیدپڑھیں : یاسر شاہ نے ایک ہی دن میں کئی ریکارڈز اپنے نام کر لیے

یاسر شاہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کے لیجنڈری لیگ اسپینر کلیری گریمیٹ کا ریکارڈ توڑا، کلیری گریمیٹ نے 82 سال قبل 1936 میں تیز ترین 200 وکٹیں لینے کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔

واضح رہے کہ یاسر شاہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 14وکٹیں لے کر سابق کپتان اور موجودہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کا 36 سال پرانا ریکارڈ بھی برابر کیا۔

سابق کپتان اور موجودہ وزیراعظم عمران خان نے 1982 میں سری لنکا کے خلاف میچ میں 116رنز کے عوض 14وکٹیں لی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں : یاسر شاہ نے 14وکٹیں لے کر نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا

یاد رہے کہ یاسر شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 100وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی ہیں اور کرکٹ کی دنیا کے دوسرے باؤلر ہیں جنہوں 17 ٹیسٹ میچوں میں 100 وکٹیں لیں۔

تیز ترین 100وکٹیں لینے کا عالمی ریکارڈ انگلش ٹیم کے جارج لومین کے پاس ہے جنہوں نے 1896 میں 16ٹیسٹ میچوں میں 100وکٹیں مکمل کی تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں