این آئی سی ایل اسکینڈل: سابق چیئرمین سمیت 6 ملزمان کو 7،7 سال قید کی سزا

اپ ڈیٹ 08 دسمبر 2018
ملزمان پر قومی خزانے کو کروڑوں روپے نقصان پہنچانےکا الزام تھا—فائل فوٹو
ملزمان پر قومی خزانے کو کروڑوں روپے نقصان پہنچانےکا الزام تھا—فائل فوٹو

کراچی: احتساب عدالت نے نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ (این آئی سی ایل) میں بدعنوانی سے متعلق ریفرنس میں سابق چیئرمین ایاز خان نیازی سمیت 6 ملزمان کو 7، 7 سال قید کی سزا سنا دی۔

عدالت نے این آئی سی ایل کے سابق چیئرمین سمیت تمام ملزمان کو 10 برس کے لیے کسی عوامی عہدے کے لیے نااہل بھی قرار دیا گیا۔

مزید پڑھیں: این آئی سی ایل کے سابق چیئرمین کمرہ عدالت سے گرفتار

خیال رہے کہ ایاز خان نیازی سمیت امین قاسم دادا، حُر راہی گردیزی، عامر حسین، زاہد حسین اور محمد اظہر پر کراچی کے علاقے کورنگی میں مہنگے داموں زمین خریدنے کا الزام تھا۔

نیب کی جانب سے عدالت میں یہ کہا گیا تھا کہ ملزمان نے قومی خزانے کو 49 کروڑ روپے نقصان پہنچایا جبکہ یہ بات بھی واضح رہے کہ اس کیس میں 2 ملزمان پلی بارگین کر چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: این آئی سی ایل اسکینڈل:امین فہیم سمیت دیگر پر فرد جرم عائد

یاد رہے کہ رواں سال مئی میں سپریم کورٹ کے حکم پر سابق چیئرمین این آئی سی ایل ایاز خان نیازی کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا تھا اور ان کا ٹرائل کراچی کی احتساب عدالت میں ہوا تھا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے حکم دیا گیا تھا کہ ایاز خان نیازی کے خلاف قانون کےمطابق کارروائی کی جائے اور نیب 2 ماہ میں ٹرائل مکمل کرے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں