کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سابق رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے میئر کراچی وسیم اختر کو چیلنج کیا ہے کہ وہ اب کراچی میں یو سی کا الیکشن جیت کر دکھا دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد تجاوزات مہم کے خلاف ہونے والے آپریشن سے ہونے والے متاثرین کے احتجاج کے دوران کیا۔

ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ میئر کراچی کی جانب سے کراچی کے مختلف علاقوں میں دکانداروں کو اپنی دکانیں خالی کروانے کے لیے دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متاثرین کو یہاں آنے سے بھی روکا جارہا ہے جس کی میں پُر زور مذمت کرتا ہوں۔

مزید پڑھیں: انسداد تجاوزات مہم: متحدہ نے وفاقی حکومت سے علیحدگی کی دھمکی دے دی

ڈاکٹر فاروق نے چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار سے اپیل کی کہ وہ کراچی آئیں اور یہاں آکر متاثرین کو دیکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں تجاوزات کے نام پر ساڑھے 7 ہزار دکانیں مسمار کی گئیں اور لوگوں کو ان کے کاروبار سے محروم کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ شہری وسیم اختر سے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں، اور ساتھ ساتھ میئر کراچی کو چیلنج کیا کہ وہ آئندہ ایک یوسی کا الیکشن جیت کردکھائیں۔

ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کی انتظامیہ لوگوں سے روزگار چھین رہی ہے، متاثرین کی مائیں، بہنیں اور بچے سوال کررہے ہیں کہ ہمارا کیا قصور تھا۔

یہ بھی پڑھیں: فاروق ستار کو 'ایم کیو ایم' کی بنیادی رکنیت سے خارج کرنے کا فیصلہ

اسکولوں کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسکولوں کو کسی صورت رہائشی علاقوں سے نہیں نکالنے دیں گے۔

اس سے قبل انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور سابق کنوینر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کراچی آئیں اور دیکھیں کہ ان کے حکم کی آڑ میں کیا کھلواڑ ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کی آڑ میں کراچی اور پاکستان کی معیشت کو تباہ اور لوگوں کو بے روزگار کیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: ‘رابطہ کمیٹی مگرمچھ کے آنسو نہ بہائے، میئر کراچی تجاوزات کےخلاف آپریشن روکیں‘

ایم کیو ایم کے سابق رہنما کا کہنا تھا کہ وسیم اختر کو کراچی بنانے کا ووٹ ملا تھا، برباد کرنے کا نہیں، ساتھ ہی انہوں نے یہ الزام لگایا کہ کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) اور کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کے لوگ قبضہ مافیا سے ملے ہوئے ہیں۔

فاروق ستار کے بیان پر جواب دیتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما عامر خان نے کہا تھا کہ فاروق ستار اب ایم کیو ایم کا حصہ نہیں۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ فاروق ستار کو چاہیے کہ وہ اب ایم کیو ایم کا نام اور جھنڈا استعمال نہیں کریں، آئین و قانون کے مطابق متحدہ سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں