بچوں کی نیند کا روٹین بہتر بنانے کے 5 کارآمد طریقے

22 جنوری 2019
سونے سے قبل سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے استعمال کی وجہ سے نوجوانوں میں نیند کے مسائل پیدا ہوجاتے ہیں۔ —تصویر شٹراسٹاک
سونے سے قبل سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے استعمال کی وجہ سے نوجوانوں میں نیند کے مسائل پیدا ہوجاتے ہیں۔ —تصویر شٹراسٹاک

بچوں کو بروقت سونے کے لیے کہنا بھی ایک ایسا کام ہے جو کہنے میں تو آسان لگتا ہے مگر درحقیقت بہت مشکل ہے۔

حال ہی میں ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سونے سے قبل سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے استعمال کی وجہ سے نوجوانوں میں نیند کے مسائل پیدا ہوجاتے ہیں۔

ڈیجیٹل آلات کے استعمال پر پابندی لگانا تو مشکل ہوگا مگر ذیل میں کچھ اہم طریقے دیے جا رہے ہیں جنہیں استعمال کرکے آپ اپنے بچوں کو وقت پر سونے کے لیے بھیج سکتے ہیں۔ تو یہ رہیں آپ کے لیے 5 ٹپس:

1: الیکٹرانک آلات کا کم سے کم استعمال

نیشنل ہیلتھ سروسز (برطانیہ) کے ڈیٹا کے مطابق 16 سال سے کم عمر بچوں میں نیند کے مسائل میں حالیہ سالوں میں اضافہ رپورٹ کیا گیا ہے۔

والدین اس مسئلے کو ایسے حل کرسکتے ہیں کہ وہ یقینی بنائیں کہ بستر پر لیٹنے سے قبل بچے اپنے تمام الیکٹرانک آلات بند کردیں۔

ڈاکٹروں کے مطابق سونے سے قبل 30 منٹ تک ٹیکنالوجی سے پاک ماحول بنا کر نیند کے لیے موزوں ماحول بنایا جاسکتا ہے۔

2: نیند کا وقت ترتیب دیں

اگر سونے کا وقت روزانہ تبدیل کیا جائے تو نیند میں مسئلے پیدا ہوسکتے ہیں۔ اس لیے یہ ضروری ہے کہ رات سونے اور صبح جاگنے کا وقت مقرر کیا جائے۔

ماہرین کے مطابق روٹین ترتیب دینا بچوں کے لائف اسٹائل کے لیے بہت ضروری ہے اور اسی طرح ان کے نیند کے اوقات درست رہیں گے۔

3: پُرسکون ماحول بنائیں

بچوں کو پُرسکون ماحول دینے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ انہیں بستر پر جانے سے قبل اپنا تخیل استعمال کرنے کے لیے کہا جائے۔

اس طرح وہ زیادہ گہری اور خواب آور نیند میں جاسکتے ہیں۔ اپنے بچوں سے کہیں کہ جب وہ اپنے بستر میں لیٹ جائیں اور روشنیاں بند ہوجائیں تو اپنی پسندیدہ چھٹیوں یا پسندیدہ جگہوں کے بارے میں سوچیں۔

اس طرح وہ خوشگوار یادوں میں کھو جائیں گے اور جلد ہی انہیں نیند آجائے گی۔

4: ان کے کھانے پر نظر رکھیں

بچوں کے لیے سونے سے قبل میٹھی چیزیں تجویز نہیں کی جاتیں کیونکہ اس سے ان کی توانائی کی سطح میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ مگر میٹھی چیزیں ہی وہ نہیں جن سے اجتناب کرنا چاہیے۔

سائنسدانوں کے مطابق سونے سے قبل پنیر کھانے سے بھی بُرے خواب آسکتے ہیں۔ سائنسدان کہتے ہیں کہ بچوں کو نیند سے 45 منٹ قبل سیب یا کریکر کھانے کے لیے دیں تاکہ وہ بھوکے بھی نہ سوئیں۔

5: ایک آرام دہ بستر نیند کے لیے نہایت ضروری ہے

اگر آپ کے بچے کو روزانہ نیند میں مسئلہ ہو رہا ہے تو ان کے بستر کا جائزہ لینا چاہیے۔

ہوسکتا ہے کہ جس بستر کی انہیں ضرورت ہو وہ کسی بڑے کی ضرورت کے اعتبار سے بنائے گئے میٹرس سے مختلف ہو۔ بچوں کو اکثر اوقات ایک زیادہ ہموار بستر کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ ان کے بڑھتے ہوئے جسم کو زیادہ سپورٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں