پاکستان کے اسکواش کھلاڑی فرحان محبوب نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں 2014 میں بھارتی آفیشلز نے میچ کے بدلے 2 کروڑ روپے کی پیش کش کی تھی جبکہ اپنے کوچز اور منیجرز کو فوری طور پر آگاہ کیا تھا۔

ڈان کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'بھارتی آفیشلز کی جانب سے ہمیں 2 کروڑ روپے کی پیش کش تھی جو وہاں آئے تھے'۔

—فائل/فوٹو
—فائل/فوٹو

فرحان محبوب نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 2014 میں ایشین ٹیم چیمپیئن شپ کے دوران بھارتی آفیشلز نے کہا کہ پیسے لے لو اور میچ چھوڑ دو۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی آفیشلز نے میچ فکسنگ کے لیے 2 کروڑ روپے کی پیش کش کی تھی تاہم انہیں جواب دیا کہ ایک کروڑ کیا ایک ارب بھی لے کر ملک کو نہیں بیچ سکتا۔

قومی کھلاڑی کا کہنا تھا کہ 'میں نے فوری طور پر اپنے کوچز اور منیجرز کو آگاہ کیا تھا کہ ہمیں اس طرح پیش کش کی گئی ہے اور وہ کہہ رہے ہیں کہ ہم آپ کے اکاؤنٹ میں پیسے ڈال دیں گے'.

فرحان محبوب نے کہا کہ 'انہوں نے براہ راست کھلاڑیوں سے رابطہ کیا تھا اور میں نے انہیں سیدھے جواب دیا کہ ہم پاکستانی قوم ہیں، ہم بکنے والے نہیں ہیں اور آپ ہمیں نہیں خرید سکتے'۔

ان کا کہنا تھا کہ ایشین ٹیم چیمپیئن شپ 2014 ہانگ کانگ میں ہوئی تھی اور وہی پر ہی فکسنگ کی پیش کش کی گئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں