پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں میڈیا اینڈ کمیونیکیشنز کے سربراہ کی حیثیت سے فرائض انجام دینے والے سمیع الحسن کو ڈائریکٹر میڈیا مقرر کردیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سمیع الحسن آئی سی سی میں اپنی مدت مکمل ہوتے ہی اگلے سال کے شروع میں پی سی بی میں اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیں گے۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ ‘سمیع الحسن اپنے کام کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں اور کرکٹ کے میڈیا میں ان کا احترام کیا جاتا ہے، پی سی بی ان کے وسیع تجربے سے فائدہ اٹھانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ بیرون ممالک میں بورڈ کی ساکھ بہتر ہوسکے’۔

سمیع الحسن نے پی سی بی اور آئی سی سی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں پی سی بی کا مشکور ہوں کہ مجھے قذافی اسٹیڈیم میں کام کرنے کے لیے دوسرا موقع فراہم کیا اور بورڈ میں موجود باصلاحیت افراد کے ساتھ مل کام کرنے کے لیے پرعزم ہوں’۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کے نئے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کون ہیں؟

خیال رہے کہ آئی سی سی میں میڈیا اینڈ کمیونیکیشنز کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دینے والے 51 سالہ سمیع الحسن 30 سالہ تجربہ رکھتے ہیں، جو 16 برس پرنٹ اور الیکڑانک میڈیا اور 14 برس کمیونیکیشنز اینڈ میڈیا کے ماہر کے طور پر کرکٹ کے اعلیٰ اداروں سےمنسلک رہے ہیں۔

سمیع الحسن نے اپنے کریئر کا آغاز 1988 میں ڈان اخبار سے بحیثیت اسپورٹس رپورٹر کیا تھا جس کے بعد 2002 میں پی سی بی میں جنرل منیجر کے طور پر شامل ہوئے تھے، اس کے علاوہ انہوں نے دو نجی ٹی وی چینلوں میں 2004 سے 2006 کے دوران اسپورٹس ڈیسک کی سربراہی کی۔

آئی سی سی دبئی میں انہوں نے 2006 میں شمولیت اختیار کی تھی۔

مزید پڑھیں: احسان مانی بلا مقابلہ پی سی بی کے نئے چیئرمین منتخب

انہوں نے کرکٹ کے 3 مردوں اور 3 خواتین کے ورلڈکپ کے علاوہ 6 ورلڈ ٹی ٹوئنٹی، 4 چیمپیئنز ٹرافی مقابلے اور دیگر ڈیولپمنٹ ٹورنامنٹس میں منصوبہ بندی اور میڈیا حکمت عملی بنائی اور آئی سی سی کے منتظمین میں شامل رہے۔

قبل ازیں پی سی بی نے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اور انگلش کرکٹ میں وسیع تجربے کے حامل وسیم خان کو بورڈ کا نیا منیجنگ ڈائریکٹر مقرر کردیا تھا۔

پی سی بی نے منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے کے لیے اشتہار دیا تھا جس کے بعد 350 سے زائد امیدواروں نے عہدے کے لیے درخواستیں دی تھیں۔

ابتدائی طور پر 9 امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا جس کے بعد 3 امیدواروں کو فائنل کیا گیا اور پھر پی سی بی چیئرمین احسان مانی، اسد علی خان اور لیفٹننٹ جنرل (ر) جاوید ضیا کے انٹرویو کے بعد وسیم خان حتمی انتخاب ٹھہرے۔

تبصرے (0) بند ہیں