گورنر پنجاب نے وفاقی کابینہ میں تبدیلی کی افواہوں کو رد کردیا

10 دسمبر 2018
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور — فائل فوتو
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور — فائل فوتو

لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے وفاقی کابینہ میں تبدیلیوں سے متعلق گردش کرنے والی تمام افواہوں کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ افواہیں میڈیا تک ہی محدود ہیں۔

صوبائی دارالحکومت میں پولو میچ کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کل سوشل میڈیا کی وجہ سے راز داری باقی نہیں رہی۔

برطانیہ میں اپنے سیاسی کیریئر کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صرف پاکستان میں ہی سیاست دانوں کے درمیان نوک جھوک نہیں ہوتی بلکہ ایسا برطانیہ میں بھی ہوتا ہے لیکن وہاں الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا میں ایسے معاملات کو شہ سرخی نہیں بنایا جاتا۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی ایک دوسرے سے متعلق باتیں کرتے ہیں، اگر یہی باتیں سوشل میڈیا کے ذریعے سب کو بتادی جائیں تو سب جان جائیں گے کہ یہ کس سے کتنا پیار کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: شیخ رشیدکیلئے اپنی وزارت چھوڑنے کو تیار ہوں، فواد چوہدری کی پیشکش

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے خود کو احتساب کے لیے پیش کیا ہے، جبکہ یہ کسی سیاسی جماعت کا مطالبہ بھی نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ کسی نے بھی حکومت سے مطالبہ نہیں کیا تھا کہ وہ اپنے 100 روزہ کارکردگی کو عوام کے سامنے پیش کرے، لیکن حکومت خود ہی آگے آئی اور اپنی 100 روزہ حکومتی کارکردگی کو عوام کے سامنے پیش کیا۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے تین دہائیوں سے ملک پر حکومت کی ہے انہوں نے کبھی بھی خود کو احتساب کے لیے پیش نہیں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کرپشن برداشت نہیں کرے گی، اور اگر اس معاملے میں حکومت کے اپنے حکام ہی ملوث کیوں نہ ہوں، انہیں نیب کے حوالے کر دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے سینیٹ میں داخلے پر پابندی

چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت قلیل مدتی پالیسی پر یقین نہیں رکھتی اور وہ اس وقت ملک کو درپیش مسائل سے مکمل طور پر نکالنے کے لیے کام کر رہی ہے۔

پولو میچ کے بعد کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہت ہی مشکل کھیل ہے۔

انہوں نے غیر ملکی کھلاڑیوں سے متعلق کہا کہ باہر سے کھلاڑی یہاں آنے میں ہچکاہٹ دکھاتے ہیں، لیکن جب وہ ایک مرتبہ پاکستان آجاتے ہیں تو پھر وہ یہاں دوبارہ آنا چاہتے ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی ایک مہمان نواز قوم ہے۔

مزید پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ نے گورنر ہاؤس پنجاب کی دیواریں گرانے سے روک دیا

قبلِ ازیں 17 ممالک کے ملٹری اتاشیوں کے وفد سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُر عزم ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اپنے ہمسایوں کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات قائم رکھنا چاہتا ہے۔

کرتارپور راہداری سے متعلق گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے اس راہداری کو کھول کر ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔


یہ خبر 10 دسمبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں