شاہد کپور نے کینسر کی خبروں پر خاموشی توڑ دی

10 دسمبر 2018
رواں برس چند بولی وڈ اداکار کینسر میں مبتلا ہوئے—فوٹو: اسٹے اپ ڈیٹ
رواں برس چند بولی وڈ اداکار کینسر میں مبتلا ہوئے—فوٹو: اسٹے اپ ڈیٹ

رواں برس بولی وڈ کے متعدد اداکار کینسر جیسے مرض میں مبتلا ہوئے، جن میں سے بیشتر کا علاج جاری ہے۔

رواں برس سب سے پہلے ورسٹائل اداکار عرفان کان نیورو اینڈو کرائن ٹیومر میں مبتلا ہوئے تھے، جن کا علاج لندن میں جاری ہے اور اطلاعات ہیں کہ ان کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔

عرفان خان کے بعد اداکارہ سونالی باندرے بھی کینسر کا شکار ہوگئی تھیں اور وہ علاج کے لیے امریکا منتقل ہوگئی تھیں، تاہم چند دن قبل ہی وہ علاج کروانے کے بعد بھارت پہنچیں۔

ان کے بعد اداکار رشی کپور کے حوالے سے بھی خبریں آئیں کہ انہیں کینسر لاحق ہوگیا اور وہ علاج کے لیے امریکا منتقل ہوگئے۔

اگرچہ تاحال رشی کپور اور ان کے خاندان نے کینسر کی تصدیق نہیں کی، تاہم وہ علاج کے لیے امریکا میں مقیم ہیں۔

ان کے بعد اداکار آیوشمن کھرانہ کی اہلیہ اور بولی وڈ فلموں کی لکھاری طاہرہ کشیپ کو بریسٹ کینسر تشخیص ہوا اور انہوں نے سرجری بھی کرائی، تاہم بعد ازاں خبر آئی کہ ان کا کینسر مزید بڑھ گیا۔

یہ بھی پڑھیں: شاہد کپور بھی کینسر کے شکار؟

ان کے بعد اداکارہ نفیسہ علی نے بھی خود اعتراف کیا کہ انہیں کینسر تشخیص ہوا ہے اور اب ان کا علاج ہوگا۔

تاہم اب یہ خبریں وائرل ہیں کہ اداکار شاہد کپور کو بھی کینسر ہوگیا، خبروں کے مطابق اداکار معدے کے کینسر میں مبتلا ہیں اور انہیں پہلے اسٹیج کا مرض لاحق ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اگرچہ شاہد کپور کے خاندان کے افراد نے ان خبروں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے ان پر تعجب کا اظہار بھی کیا ہے، تاہم اب خود اداکار نے اس پر خاموشی توڑ دی۔

شاہد کپور نے اپنی مختصر ٹوئیٹ میں کینسر کی خبر کو جھوٹا قرار دیا اور کہا کہ وہ بالکل خیریت سے ہیں۔

ساتھ ہی اداکار نے مداحوں سے گزارش کی کہ وہ ایسی خبروں پر یقین نہ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں