فوج میں اعلیٰ عہدوں پر ترقیاں اور تبادلے

اپ ڈیٹ 10 دسمبر 2018
دائیں جانب لیفٹننٹ جنرل عامر ریاض اور بائیں جانب لیفٹننٹ جنرل ماجد احسان — فوٹو: بشکریہ آئی ایس پی آر
دائیں جانب لیفٹننٹ جنرل عامر ریاض اور بائیں جانب لیفٹننٹ جنرل ماجد احسان — فوٹو: بشکریہ آئی ایس پی آر

پاک فوج میں اعلیٰ عہدوں پر تبادلے کردیے گئے، جن جنرلز کے تبادلے کیے گئے ہیں، ان میں لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض اور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان شامل ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں بتایا گیا کہ فوج میں 2 اعلیٰ فوجی حکام کے تبادلے کیے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کو صدر نیشنل ڈیفینس یونیورسٹی تعینات کردیا گیا۔

اس کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کو کور کمانڈر لاہور تعینات کردیا گیا۔

لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض

اس سے قبل لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کور کمانڈر لاہور تعینات تھے۔

22 ستمبر 2015 کو پاک فوج کے 4 میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی، ان میں میجر جنرل عامر ریاض سمیت دیگر شامل تھے، عامر ریاض کو کمانڈر سدرن کمانڈ کوئٹہ تعینات کیا گیا تھا۔

اس سے قبل میجر جنرل عامر ریاض کو پاک فوج کے سابق سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے ہی پاک فوج کا ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ملٹری آپریشنز (ایم او) مقرر کیا تھا۔

میجر جنرل ریاض کا بطور ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز تقرر ایسے وقت میں ہوا تھا جب پاکستان اور بھارت کے مابین کشمیر کے ڈی فیکٹو بارڈر اور لائن آف کنٹرول کے حوالے سے کشیدگی جاری تھی۔

مزید پڑھیں: لیفٹننٹ جنرل عاصم منیر 'ڈی جی آئی ایس آئی' تعینات

میجر جنرل عامر ریاض اس سے پہلے 111 بریگیڈ کی بھی کمان کر چکے ہیں جبکہ وہ بریگیڈیئر (ر) علی خان کے خلاف گواہان میں سے ایک تھے جنہیں کالعدم تنظیم حزب التحریر کے ساتھ روابط پر سزا سنائی گئی تھی۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ عامر ریاض کی میجر جنرل کے عہدے پر ترقی بریگیڈیئر (ر) علی خان کے خلاف گواہی دینے کے بعد ہوئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق بریگیڈیئر (ر) علی خان نے میجر جنرل عامر ریاض کو بھی حزب التحریر میں بھرتی کرنے کی کوشش کی تھی،تاہم وہ ناکام رہے تھے۔

لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان

اس سے قبل لیفٹننٹ جنرل ماجد احسان وائس جنرل ہیڈکواٹرز (جی ایچ کیو) میں چیف آف جنرل اسٹاف اور صدر نیشنل ڈیفینس یونیورسٹی تعینات تھے۔

قبل ازیں لیفٹننٹ جنرل ماجد احسان، پاکستان ملٹری اکیڈمی میں پلاٹون کمانڈر، ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ میں جنرل اسٹاف آفیسر ٹو، جنرل اسٹاف آفیسر ون، ڈیویلپڈ کوپس میں کرنل جنرل اسٹاف اور بریگیڈ کمانڈر سمیت دیگر عہدوں پر تعینات رہے۔

اس سے قبل 10 اکتوبر 2018 کو لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کا ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) مقرر کیا گیا تھا۔

لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی) اور شمالی علاقہ جات کی فورس کمانڈ کے کمانڈر کے عہدوں پر بھی فرائض انجام دیے، انہیں مارچ 2018 میں ہلال امتیاز سے نوازا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں