2 بارطلاق کے باوجود جینیفرآنسٹن نے اپنی شادیوں کوکامیاب قرار دے دیا

10 دسمبر 2018
جینیفر آنسٹن نے اپنی دونوں شادیوں کو ناکام ماننے سے انکار کردیا—فوٹو: ووگ آسٹریلیا
جینیفر آنسٹن نے اپنی دونوں شادیوں کو ناکام ماننے سے انکار کردیا—فوٹو: ووگ آسٹریلیا

گزشتہ ماہ 15 نومبر کو خبر سامنے آئی تھی کہ ہولی وڈ اداکارہ 49 سالہ جینیفر آنسٹن ایک مرتبہ پھر اپنے سابق شوہر براڈ پٹ سے شادی کرنے کا سوچ رہی ہیں۔

ساتھ ہی خبر آئی تھی کہ جینیفر آنسٹن کے دوسرے شہر جسٹن تھیوروکس بھی براڈ پٹ کی سابق دوسری بیوی انجلینا جولی سے شادی کرنے جا رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق جینیفر آنسٹن دوسری مرتبہ براڈ پٹ سے اور مجموعی طور پر تیسری بار شادی کرنے جا رہی ہیں، جب کہ براڈ پٹ بھی ایک ہی خاتون سے دوسری جب کہ مجموعی طور پر تیسری بار شادی کرنے جا رہے ہیں۔

اسی طرح جینیفر آنسٹن کے دوسرے شوہر جسٹن تھیوروکس دوسری بار اور انجلینا جولی چوتھی بار شادی کرنے جا رہی ہیں، تاہم ان خبروں کی تصدیق نہیں ہوسکی تھی۔

یہ خبر اس وقت سامنے آئی تھی جب کہ 49 سالہ جینیفر آنسٹن کو دوسرے شوہر سے طلاق لیے ہوئے ایک سال بھی نہیں ہوا تھا اور اب اپنی دوسری طلاق کے 10 ماہ بعد اداکارہ نے اپنی شادیوں کو کامیاب قرار دیا ہے۔

شوبز اور فیشن میگزین ’ایلے‘ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں 49 سالہ جینیفر آنسٹن نے 2 بار طلاق کے باوجود اپنی دونوں شادیوں کو کامیاب قرار دیا اور کہا کہ ان کی نظر میں ان کی دونوں شادیاں کامیاب ہیں۔

جینیفر آنسٹن نے دوسری شادی جسٹن تھیوروکس سے کی تھی—فائل فوٹو: اے پی
جینیفر آنسٹن نے دوسری شادی جسٹن تھیوروکس سے کی تھی—فائل فوٹو: اے پی

اداکارہ نے دلیل دی کہ اگرچہ ان کی دونوں شادیاں طلاق پر ختم ہوئیں، تاہم وہ شادی کے دوران اپنے شوہروں کے ساتھ خوش تھیں، اس لیے ان کی شادیاں کامیاب ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جینیفر آنسٹن دوسرے شوہر سے بھی الگ ہوگئیں

اداکارہ نے مزید کہا کہ یہ لازمی نہیں ہے کہ ہر چیز کا اختتام بہت ہی خوبصورت ہو۔

اداکارہ نے اپنے لمبے چوڑے انٹرویو میں نہ صرف شادی اور طلاق بلکہ خواتین کی جانب سے بچوں کی پیدائش اور گھر بسانے جیسے خواب دیکھنے کے معاملات پر بھی کھل کر بات کی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ خواتین کی اپنی ذاتی پسند ہونی چاہیے کہ وہ شادی کرنا چاہتی ہیں یا نہیں اور یہ کہ وہ شادی کے بعد بچے چاہتی ہیں یا نہیں۔

اداکارہ نے پہلی شادی براڈ پٹ سے کی—فائل فوٹو: اے پی
اداکارہ نے پہلی شادی براڈ پٹ سے کی—فائل فوٹو: اے پی

جینیفر آنسٹن کے مطابق خواتین کو شادی اور بچوں کی پیدائش کے لیے رضامند کرنے کے لیے پریوں کے قصے سنانے کی روایت ختم ہونی چاہیے۔

مزید پڑھیں: جینیفر آنسٹن نے تیسری بار شادی کرنے کو تیار

ساتھ ہی اداکارہ نے کہا کہ ہم ایک ایسے سماج یا معاشرے میں رہتے ہیں، جہاں خواتین کو جنسی حوالے سے زیادہ دیکھا جاتا ہے، اس لیے خواتین کو ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے۔

انٹرویو کے دوران اداکارہ نے اپنے والدین کی طلاق اور اپنے بچپن میں خاندانی حالات اور مسائل پر بھی بات کی اور بتایا کہ کس طرح ان کے والدین کی طلاق نے ان کی سوچ پر اثر ڈالا۔

اداکارہ نے تیسری شادی کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی—فوٹو: ایلے میگزین
اداکارہ نے تیسری شادی کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی—فوٹو: ایلے میگزین

اداکارہ نے انٹرویو میں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں پر بھی بات کی اور کہا کہ ان کی ہمیشہ سے خواہش رہی کہ وہ کسی ایسی فلم میں کام کریں، جس میں ایک ماں اور بیٹی کے تعلقات کو دکھایا جائے اور اب ان کی خواہش پوری ہوئی اور انہوں نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’ڈمپلن‘ میں ایک والدہ کا کردار ادا کیا۔

اداکارہ نے انٹرویو میں اگرچہ طلاق پر ختم ہونے والی دونوں شادیوں کو کامیاب قرار دیا، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ اب وہ شادی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں یا نہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے انٹرویو میں اپنے سابقہ شوہروں براڈ پٹ اور جسٹن تھیوروکس کی خوبیوں یا خرابیوں پر بھی کوئی بات نہیں کی۔

خیال رہے کہ 49 سالہ جینیفر آنسٹن نے پہلی شادی 54 سالہ براڈ پٹ سے 2000 میں شادی کی تھی، تاہم ان کے درمیان تعلقات 1998 میں ہی استوار ہوگئے تھے۔

اداکارہ نے 1994 میں اداکاری کی شروعات کی—فائل فوٹو: ان اسٹائل
اداکارہ نے 1994 میں اداکاری کی شروعات کی—فائل فوٹو: ان اسٹائل

ان کی شادی محض 5 سال ہی چل سکی، اور دونوں نے جنوری 2005 میں علیحدگی اختیار کرلی، جس کے بعد اسی سال اکتوبر میں دونوں کی طلاق ہوگئی۔

جینیفر آنسٹن کی بعد ازاں 2011 میں اداکارہ جسٹن تھیوروکس سے شناسائی ہوئی اور دونوں نے 4 سال بعد 15 فروری 2015 کو شادی کرلی، تاہم ان کی شادی کامیاب نہ ہوسکی اور رواں برس فروری میں ان میں طلاق ہوگئی۔

دوسری جانب براڈ پٹ نے جینیفر آنسٹن سے طلاق کے بعد 2014 میں انجلینا جولی سے شادی کی تھی، تاہم ان میں 2017 میں طلاق ہوگئی۔

اب یہ خبریں آ رہی ہیں کہ جینیفر آنسٹن ایک بار پھر براڈ پٹ سے اور انجلینا جولی جینیفر آنسٹن کے سابق شوہر سے شادی کرنے جا رہی ہیں، تاہم اس حوالے سے تمام اداکاروں نے خود کوئی بیان نہیں دیا۔

رواں برس اگست میں جینیفر آنسٹن کے حاملہ ہونے کی خبریں بھی تھیں—فوٹو: یو ایس میگزین
رواں برس اگست میں جینیفر آنسٹن کے حاملہ ہونے کی خبریں بھی تھیں—فوٹو: یو ایس میگزین

تبصرے (0) بند ہیں