خود سے 37 سال بڑے استاد سے رومانوی تعلقات نہیں، اداکارہ

10 دسمبر 2018
میرے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا، جیسلین میتھیو—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا
میرے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا، جیسلین میتھیو—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا

رواں برس ستمبر میں بھارتی ٹی وی چینل ’کلرز‘ پر شروع ہونے والے متنازع ریئلٹی ٹی وی شو ‘بگ باس 12‘ کا اختتام ابھی ہونا باقی ہے، تاہم اس شو میں شرکت کرکے سب سے زیادہ شہرت حاصل کرنے والی جوڑی اس شو سے باہر ہوگئی۔

اس شو میں رواں برس ’جوڑی‘ کی تھیم رکھی گئی تھی، جس تحت کئی افراد جوڑوں کی صورت میں شامل ہوئے تھے اور ان جوڑوں میں 65 سالہ بھجن گلوکار انوپ جلوتا اور ان کی 28 سالہ شاگرد جیسلین میتھیو بھی شامل تھی۔

انہوں نے پہلے ہی پروگرام میں انکشاف کیا تھا کہ ان دونوں کے جسمانی تعلقات ہیں اور دونوں شادی کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔

پہلے ہی پروگرام میں ایک عمر رسیدہ استاد اور اس کی کم عمر طالبہ کے تعلقات کی خبر سامنے آتے ہی وائرل ہوگئی تھی اور دونوں راتوں رات مشہور ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بگ باس میں شرکت کرنے والے 67 سالہ استاد اور 28 سالہ طالبہ کے تعلقات پر ہنگامہ

تاہم بعد ازاں 29 اکتوبر کو اس جوڑی کے اہم رکن 65 سالہ انوپ جلوتا کو شو سے نکال دیا گیا تھا اور انہوں نے شو سے باہر آتے ہی اندر شو میں کہی گئی باتوں سے انکار کیا تھا۔

دونوں نےپروگرام کے آغاز میں تعلقات کا اعتراف کیا تھا—اسکرین شاٹ
دونوں نےپروگرام کے آغاز میں تعلقات کا اعتراف کیا تھا—اسکرین شاٹ

انوپ جلوتا نے باہر آتے ہی کہا تھا کہ ان کا اور ان کی شاگردہ کا ایک دوسرے سے استاد اور طالب علم والا رشتہ ہے، ان کے آپس میں کوئی بھی جسمانی تعلقات نہیں۔

مزید پڑھیںـ خود سے 37 سالہ چھوٹی شاگرد سے جسمانی تعلقات نہیں، انوپ جلوتا

انوپ جلوتا نے بتایا کہ اگرچہ انہوں نے بگ باس 12 میں جیسلین میتھو کی وجہ سے ہی شرکت کی، کیوں کہ وہ چاہتے تھے کہ ان کی طالبہ کو شہرت ملے۔

انوپ جلوتا کے مطابق ان کے اور جیسلین میتھیو کے درمیان جسمانی نہیں بلکہ میوزیکل ریلیشن ہیں، جو روحانی ہوتے ہیں۔

جیسلین میتھیو ماضی میں انوپ جلوتا سے محبت کا اعتراف کر چکی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
جیسلین میتھیو ماضی میں انوپ جلوتا سے محبت کا اعتراف کر چکی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

اور اب ان کی جوڑی دار 28 سالہ جیسلین میتھیو کو بھی شو سے نکال دیا گیا اور انہوں نے بھی شو کے اندر کہی گئی باتوں کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔

مڈ ڈے سے بات کرتے ہوئے جیسلین میتھیو کا کہنا تھا کہ ان کے خود سے 37 سال بڑے استاد سے کوئی رومانوی تعلقات نہیں۔

جیسلین میتھیو نے وضاحت کی کہ چوں کہ پروگرام کی تھیم ہی جوڑی تھی، اس لیے وہ اپنے استاد کے ساتھ پروگرام میں شریک ہوئیں اور انہوں نے پہلے پروگرام میں صرف یہ کہا تھا کہ وہ اپنے 67 سالہ استاد سے 3 سال سے تعلقات میں ہیں۔

جیسلین میتھیو کے مطابق انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ان کے صرف اسی بیان کو اس طرح لیا جائے گا کہ یہ ہندوستان کا سب سے بڑا موضوع بن جائے گا۔

جیسلین میتھیو کے مطابق وہ پروگرام سے باہر آئیں تو انہیں بتایا گیا کہ ان کے اور ان کے استاد کے تعلقات سے متعلق بہت کچھ لکھا گیا اور انہوں نے جب انٹرنیٹ پر اپنے اوپر لکھی گئی خبریں دیکھیں تو دنگ رہ گئیں۔

28 سالہ جیسلین میتھیو نے 67 سالہ انوپ جلوتا کو صرف اپنا استاد اور روحانی مرشد قرار دیا اور واضح کیا کہ ان کے کوئی تعلقات نہیں۔

دونوں کی عمر میں 37 سال کا فرق ہے—فائل فوٹو: آئی بی ٹائمز
دونوں کی عمر میں 37 سال کا فرق ہے—فائل فوٹو: آئی بی ٹائمز

تبصرے (0) بند ہیں