سی پیک ہماری قومی ترجیح ہے، پاکستان کی چین کو یقین دہانی

اپ ڈیٹ 11 دسمبر 2018
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور زیر غور آئے اور دو طرفہ تعاون کے امور پر گفتگو کی گئی—فائل فوٹو
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور زیر غور آئے اور دو طرفہ تعاون کے امور پر گفتگو کی گئی—فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں کے حوالے سے اپنی ترجیحات دہراتے ہوئے ایک مرتبہ پھر چین کو یقین دہانی کروائی ہے کہ سی پیک اس کی قومی ترجیح ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق چین کے ساتھ باہمی سیاسی مشاورت کے افتتاحی اجلاس کے موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا، جس میں پاکستانی وفد کی سربراہی سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کی جبکہ چینی وفد کی قیادت نائب وزیر خارجہ کونگ زوان یو کررہے تھے۔

اجلاس کے بعد دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی جانب سے چین کو یہ پیغام دیا گیا کہ سی پیک حکومتِ پاکستان کے لیے قومی ترجیح ہے اور وہ اس کی کامیابی سے تکمیل کے لیے بھی پر عزم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف کے قرض سے پاک چین اقتصادی تعاون متاثر نہیں ہونا چاہیے، چین کا انتباہ

یہ موقف بطور خاص سی پیک کی جوائنٹ کووآرڈینیشن کمیٹی (جے سی سی) کے آئندہ ہفتے بیجنگ میں منعقد ہونے والے اجلاس کے تناظر میں دیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے چین کا دورہ کیا تھا، جسے تجزیہ کاروں سے پاک چین دوستی کا احیا قرار دیا تھا۔

دورے کے دوران دونوں ممالک نے سی پیک کے مستقبل کے حوالے سے سماجی و اقتصادی پہلوؤں، منصوبوں میں صنعتی ترقی کے لیے تعاون، نوکریوں کی فراہمی اور صنعتی و ذرعی پارکس کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے منصوبوں کی بروقت تکمیل پر مکمل اتفاقِ رائے کا اظہار کیا تھا۔

مزید پڑھیں: پاکستان اور چین کا ’سی پیک‘ کو وسعت دینے کا فیصلہ

تاہم ایک جانب یہ افواہ بھی موجود تھی کہ وزیراعظم عمران خان کے دورے کے باوجود چین کو سی پیک کے مستقبل کے حوالے سے تشویش ہے۔

اس بارے میں بیان دیتے ہوئے دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے وفد نے سیاسی مشاورت کے دوران وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین سے بننے والی صورتحال کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں فریقین نے اسٹریٹجک کوآپریشن پارٹنر شپ کی توثیق کی اور سیاسی، اقتصادی، سیکیورٹی، ثقافتی اور دیگر شعبوں میں مضبوط دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک چین اقتصادی راہداری کا ماسٹر پلان کیا ہے؟

چینی نائب وزیر خارجہ نے جنرل ہیڈ کوارٹر کا بھی دورہ کیا اور پاکستانی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

اس حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ’ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور زیر غور آئے اور دو طرفہ تعاون کے امور پر گفتگو کی گئی'۔

اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک-چین دوستی کو باہمی بھروسے اور اعتماد پر مبنی قرار دیا، آئی ایس پی آر کے مطابق چینی عہدیدار نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام اور پاک فوج کی قربانیوں کی تعریف کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں