’عمان نے اپنی فضائی حدود سے اسرائیلی طیاروں کو پرواز کی اجازت دے دی‘

اپ ڈیٹ 11 دسمبر 2018
عرب ممالک اردن اور مصر باضابطہ طور پر اسرائیل کو تسلیم کرتے ہیں—فائل فوٹو
عرب ممالک اردن اور مصر باضابطہ طور پر اسرائیل کو تسلیم کرتے ہیں—فائل فوٹو

یروشلم: اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ عمان اپنی فضائی حدود کے ذریعے اسرائیلی طیاروں کو پرواز کرنے دے گا جو فلسطین کے تنازع کے باوجود عرب ریاستوں کے ساتھ تعلقات کی ایک اور کوشش ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم کا یہ اعلان اکتوبر میں عمان کے اچانک دورے کا نتیجہ ہے جبکہ یہ بات یاد رہے کہ صرف 2 عرب ممالک اردن اور مصر باضابطہ طور پر اسرائیل کو تسلیم کرتے ہیں۔

نیتن یاہو نے کہا کہ ’جب میں عمان میں تھا میں نے سلطان قابوس سے بات کی، جنہوں نے مجھے کہا کہ ای آئی اے آئی ایئرلائنز عمان کے اوپر سے پرواز کرنے کے قابل ہوگی‘۔

مزید پڑھیں: اسرائیلی وزیر اعظم کا عمان کا خفیہ دورہ

تاہم یہ اجازت اسرائیل کو تھوڑی جلدی عملی استعمال فراہم کرے گی کیونکہ اس کے جہاز عمان کے پڑوسی سعودی عرب سے پرواز نہیں کرسکتے.

واضح رہے کہ مارچ میں سعودی عرب نے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دیتے ہوئے ایئر انڈیا کو نئی دہلی اور تل ابیب کے درمیان فلائٹس کی اجازت دی تھی لیکن اسرائیلی طیاروں کو یہ اجازت نہیں تھی۔

اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے پر قبضے اور فلسطین کے ساتھ تنازع کے باعث عرب ممالک سے تعلقات میں رکاوٹ کا سامنا ہے۔

یروشلم میں الانہ کانفرنس میں اسرائیلی سفارتکاروں سے بات چیت کرتے ہوئے نیتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ کچھ عرب رہنماؤں نے ’اسرائیل کے ساتھ تعلقات‘ رکھنے کے لیے فلسطین کا تنازع حل کرنے کی شرط نہیں رکھی۔

یہ بھی پڑھیں: پہلی مرتبہ کسی اسرائیلی وفد کا متحدہ عرب امارات کا دورہ

انہوں نے کہا کہ ’اس کا یہ مطلب نہیں کہ (عرب ریاستوں کے ساتھ) امن معاہدے ہوگئے لیکن اس کا یہ مطلب ضرور ہے کہ سب معمول پر لانے اور امن کے لیے ہماری کوششیں جاری ہیں، اس کے باوجود ہم یہ سوچتے ہیں کہ فلسطین سے عرب دنیا تک امن مخالف سمت میں جاسکتا ہے‘

حالیہ مہینوں میں اسرائیل کی جانب سے کھیل سمیت مختلف ذرائع سے خلیج میں موجود ان عرب قوموں سے تعلقات استوار کرنے کی کوشش کی تھی جو اسے باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کرتے۔

رواں سال اکتوبر میں اسرائیلی وزیر کھیل نے متحدہ عرب امارات کی مشہور شیخ زاید مسجد کا دورہ کیا، اسرائیل کے کمیونکیشن وزیر نے دبئی میں تقریر کی اور ابوظہبی میں جوڈو مقابلے میں اسرائیلی کا قومی ترانہ بجایا گیا۔


یہ خبر 11 دسمبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں