’آنگن‘ میں دو کردار نبھا رہا ہوں، احسن خان

11 دسمبر 2018
آنگن کی پہلی قسط 13 دسمبر کو نشر ہوگی —فوٹو/ اسکرین شاٹ
آنگن کی پہلی قسط 13 دسمبر کو نشر ہوگی —فوٹو/ اسکرین شاٹ

پاکستان کے نامور اداکار احسن خان اس وقت اپنے نئے ڈرامے ’آنگن‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس کی کہانی تقسیم برصغیر کے گرد گھومتی ہے۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے احسن خان نے بتایا کہ ڈرامے میں فیملی، محبت اور کئی ایسے احساسات اور جذبات کی اہمیت کو پیش کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: ڈراما 'آنگن' کی پہلی متاثرکن جھلک سامنے آگئی

ہم ٹی وی پر جلد نشر ہونے والے اس ڈرامے کی کہانی خدیجہ مستور کے ناول 'آنگن' سے لی گئی ہے تاہم ڈائیلاگس مصطفیٰ رضوی نے تحریر کیے ہیں، اس کی پروڈکشن مومنہ درید کررہی ہیں۔

احسن خان نے اس ڈرامے کی کہانی کے حوالے سے انکشاف کیا کہ ’ڈرامے کی اصل کہانی کا مرکز احد رضا اور سجل علی کی رومانوی کہانی ہے، جبکہ میرے سینز کم ہیں، شروعات کی اقساط میں، میں سونیا حسین کے ساتھ نظر آؤں گا، جبکہ ڈرامے کا فوکس ہماری رومانوی کہانی پر ہوگا، تاہم بعدازاں اس ڈرامے کی کہانی آنے والی نسل کی جانب بڑھے گی، جہاں میں سونیا اور اپنے کردار کا بیٹا بن کر سامنے آؤں گا، میرے اس کردار کو حرا مانی اور ماورا حسین کے ساتھ دکھایا جائے گا‘۔

یہ بھی پڑھیں: ’آج تک تمہاری جلن کی نشانی کو ہتھیلی پر سجا کر رکھا ہے‘

اداکار نے مزید کہا کہ ’میں نے کبھی ایک ہی ڈرامے میں دو کردار ادا نہیں کیے، میرے حصے کے سینز وزیرآباد، گجران والا اور کراچی میں فلمائے گئے، یہ خاصے متاثر کن ہوں گے‘۔

کئی نامور ڈراموں میں اپنی بہترین کارکردگی دکھانے والے احسن خان نے ایک ایسے ڈرامے میں کام کرنے کی حامی کیوں دی، جس کی کہانی کے مرکزی کردار احد رضا اور سجل علی ہیں؟

اس سوال پر احسن خان نے کہا کہ ’میرے لیے اس بات کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی کہ میرے کردار کے کتنے سینز ہوں گے، میں صرف ایسے کردار اور اسکرپٹس پر کام کرنا چاہتا ہوں جو مختلف ہوں، پاکستان میں اداکاروں کو کردار کے انتخاب کے مواقع کم ملتے ہیں، میرے پاس کم از کم 20 اسکرپٹس موجود ہیں، ان میں یا تو وہی رومانوی کہانیاں ہیں، یا پھر میرے ڈرامے اڈاری جیسے کردار، لیکن میں ایسے کردار ادا کرنا چاہتا ہوں جو مجھے متاثر کریں‘۔

احسن خان نے مزید کہا کہ ’اس کے علاوہ آنگن کی ٹیم بہترین ہے، مجھے پوری امید ہے کہ لوگ اس ڈرامے کو یاد رکھیں گے‘۔

یہ بھی پڑھیں: ‘آنگن میں 3 مردوں کے ساتھ رومانس کرتی نظر آؤں گی’

یاد رہے کہ احتشام الدین کی ہدایات میں بننے والے ڈرامے آنگن کی کاسٹ میں احد رضا میر، سجل علی، احسن خان، ماورا حسین، حرا مانی اور سونیا حسین موجود ہیں۔

اس کی پہلی قسط 13 دسمبر کو نشر ہوگی۔

تبصرے (0) بند ہیں