دھوکا دینے پر گرفتار خاتون فلم ساز کا پارٹنر پر تشدد کا الزام

11 دسمبر 2018
خاتون فلم ساز تین دن سے حراست میں ہیں—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا
خاتون فلم ساز تین دن سے حراست میں ہیں—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا

رواں برس ریلیز ہونے والی فلم ’بتی گل میٹر چالو، استری، پیڈ مین، ٹوائلیٹ: ایک پریم کتھا اور رستم‘ جیسی فلموں کو ریلیز کرنے والی فلم پروڈکشن کمپنی ’کری ارج انٹرٹینمنٹ‘ کی بانی پریرنا اروڑا کو 3 دن قبل فراڈ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

پریرنا اروڑا پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنے بزنس پارٹنرز اور سرمایہ کاروں کے ساتھ فراڈ اور دھوکا کیا اور ان پر 16 سے 32 کروڑ روپے ہڑپ کر جانے کا الزام تھا۔

پریرنا اروڑا کو انسداد اقتصادی جرم ونگ نے حراست میں لے کر جیل منتقل کردیا تھا، جہاں وہ گزشتہ 3 دن سے موجود ہیں۔

تاہم اب خاتون پروڈیوسر نے اپنی گرفتاری کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے بزنس پارٹنر پر غلط بیانی اور تشدد کا الزام عائد کردیا۔

ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ پریرنا اروڑا کے وکیل رضوان صدیقی نے عدالت میں دائر کی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ فلم ساز پر دھوکے کا جھوٹا الزام عائد کیا گیا، اس بات میں کوئی سچائی نہیں کہ پریرنا نے پیسے ہڑپ کیے۔

فلم ساز کو 8 دسمبر کو گرفتار کیا گیا تھا—فوٹو: دنک بھاسکر
فلم ساز کو 8 دسمبر کو گرفتار کیا گیا تھا—فوٹو: دنک بھاسکر

ساتھ ہی درخواست میں دعویٰ کیا گیا کہ پریرنا اروڑا کے بزنس پارٹنر اور فلم پروڈکشن کمپنی ’پوجا انٹرٹینمنٹ‘ کے بانی وشنو بھگنانی نے خاتون فلم ساز کے ساتھ دھوکا کرکے اس کے پیسے ہڑپ کیے۔

یہ بھی پڑھیں: دھوکا دینے پر بولی وڈ خاتون پروڈیوسر گرفتار

رپورٹ میں بتایا گیا کہ پریرنا اروڑا کی درخواست پر ممبئی کی مقامی عدالت میں سماعت بھی ہوئی، جہاں ان کے وکیل نے ان پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انسداد اقتصادی جرم ونگ نے تفتیش اور نوٹس دیے بغیر پریرنا اروڑا کو گرفتار کیا۔

فلم ساز نے اب بزنس پارٹنر کے خلاف ہی الزامات عائد کردیے—فوٹو: دکن کیرونیکل
فلم ساز نے اب بزنس پارٹنر کے خلاف ہی الزامات عائد کردیے—فوٹو: دکن کیرونیکل

رپورٹ کے مطابق پریرنا ارڑا کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں بزنس پارٹنر وشنو بھگنانی پر پیسے ہڑپ کرنے اور خاتون فلم ساز کے اہل خانہ پر تشدد کے الزامات بھی لگائے گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگرچہ پریرنا اروڑا کی درخواست پر عدالت میں سماعت بھی ہوئی، تاہم عدالت نے کوئی فیصلہ دیے بغیر سماعت ملتوی کردی۔

رپورٹ کے مطابق عدالتی فیصلہ آنے اور ضمانت ہونے تک پریرنا اروڑا کو انسداد اقتصادی جرم ونگ کی تحویل میں دے دیا گیا۔

فلم ساز نے 2015 میں فلم پروڈکشن کمپنی بنائی تھی—فوٹو: پریرنا اروڑا انسٹاگرام
فلم ساز نے 2015 میں فلم پروڈکشن کمپنی بنائی تھی—فوٹو: پریرنا اروڑا انسٹاگرام

تبصرے (0) بند ہیں