کراچی: 200سے زائد خواتین کو لوٹنے والے ’رکشہ گینگ‘ کا سربراہ گرفتار

ملزمان سے لاکھوں روپے  نقدی، موبائل فونز، اور ہینڈبیگز برآمد کیے گئے — فوٹو : امتیاز علی
ملزمان سے لاکھوں روپے نقدی، موبائل فونز، اور ہینڈبیگز برآمد کیے گئے — فوٹو : امتیاز علی

پولیس نے کراچی میں 200 سے زائد خواتین کو لوٹنے والے رکشہ گینگ کے سرغنہ کو زخمی حالت میں ساتھی سمیت گرفتار کرلیا۔

رکشہ گینگ کے خلاف کارروائی کےدوران ملزمان کی نشاندہی پر 70 سے زائد خواتین سے چھینے گئے ہینڈ بیگز، لاکھوں روپے نقدی ،50 سے زائد موبائل فونز، لیپ ٹاپس اور وارداتوں کےلیے استعمال ہونے والا رکشہ بھی برآمد کیا گیا۔

سینئر سپرنڈنٹ پولیس ایسٹ کی ہدایت پر ایس ایچ او فیروزآباد اورنگزیب خان خٹک اور غلام نبی آفریدی پر مشتمل ٹیم نے پی ای سی ایچ ایس بلاک 3 میں ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا تھا۔

مزید پڑھیں : رینجرز نے 9 افراد کے قتل میں ملوث ایم کیو ایم لندن کے مبینہ رکن کو گرفتار کرلیا

آپریشن کے دوران ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی تاہم جوابی کارروائی کے دوران گینگ کا سرغنہ زخمی ہوگیا جسے بعدازاں پولیس نے زخمی حالت میں ساتھی سمیت گرفتار کرلیا۔

گرفتار شدہ ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا 4 رکنی گروہ گزشتہ ساڑھے 4 برس سے صرف خواتین کو نشانہ بناتا تھا اور اس دوران 2 سو خواتین کو ڈکیتی کا نشانہ بنایا گیا۔

ملزمان کراچی کے پوش علاقوں میں وارداتیں کرتے تھے اور کٹر کی مدد سے خواتین کے زیورات کاٹ کر اتار لیتے تھے۔

رکشہ گینگ سے متعلق ایک اور انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ گینگ کے اراکین اس سے قبل ڈکیتی کی وارداتوں میں گرفتار ہوچکے ہیں اور جیل ہی میں انہوں نے اپنا گروہ بنایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی کے پول پر چڑھ کر اقدام خود کشی کرنے والا ملزم گرفتار

مذکورہ گینگ نے زیادہ تر وارداتیں کراچی کے پوش علاقوں پی ای سی ایچ ایس، گلشن اقبال، کلفٹن اور نرسری میں کی تھیں۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ نے فیروزآباد پولیس کو کامیاب آپریشن کرنے پر نقد انعام اور تعریفی سند دینے کا اعلان کیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں