ڈوئل ڈسپلے سے لیس منفرد اسمارٹ فون متعارف

اپ ڈیٹ 01 فروری 2019
— فوٹو بشکریہ فوٹو بشکریہ ویوو
— فوٹو بشکریہ فوٹو بشکریہ ویوو

چینی کمپنی ویوو نے اپنا نیا فلیگ شپ فون نیکس ڈوئل ڈسپلے ایڈیشن متعارف کرادیا ہے اور نام سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ یہ 2 ڈسپلے کے ساتھ ہے۔

چین میں متعارف کرائے جانے والے فون میں فرنٹ کے ساتھ ساتھ بیک پر بھی ڈسپلے دیا گیا ہے جبکہ بیک پر چاند جیسا دائرہ سیلفی لیتے ہوئے جگمگاتا ہے۔

اس فون کے فرنٹ پر 6.39 انچ کا ڈسپلے دیا گیا ہے جو کہ لگ بھگ بیزل لیس ہے کیونکہ اس میں فرنٹ کیمرہ ہی موجود نہیں۔

مزید پڑھیں : ایسا خوبصورت اور طاقتور اسمارٹ فون کوئی اور ہوگا؟

اب پوپ اپ سیلفی کیمرے کو ختم کردیا گیا ہے بلکہ فون کو پلٹ کر سیکنڈ اسکرین کو سیلفی یا ویڈیو کال کے لیے استعمال کرنا ہوگا اور اس طرح فرنٹ کیمرے کے لیے نوچ یا بیزل کی ضرورت ہی ختم کردی گئی ہے۔

اس کے بیک پر 16:9 ریشو کے ساتھ اسکرین موجود ہے جس میں بیزل نمایاں ہے اور دونوں ڈسپلے او ایل ای ڈی پینلز سے لیس ہیں۔

اور ہاں اس فون میں کمپنی نے ڈسپلے کے اندر فنگر پرنٹ سنسر کا فیچر بھی دیا ہے۔

فوٹو بشکریہ ویوو
فوٹو بشکریہ ویوو

اس کے فرنٹ پر تو کوئی کیمرہ نہیں، اسی لیے بیک پر 3 کیمروں پر مشتمل سیٹ اپ دیا گیا ہے جن میں سے 12 میگاپکسل پرائمری کیمرہ آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن کے ساتھ ہے، 2 میگاپکسل کیمرہ نائٹ ویژن جبکہ تیسرا ٹی او ایف تھری ڈی اسٹیریو کیمرہ ہے۔

اس فون کے بیک پر چاند جیسے دائرے کا نچلا حصہ ڈسپلے کے اندر ہے تاکہ صارفین اسے سیلفی کے طور پر استعمال کرنے کے ساتھ ویڈیو کالز اور ہر وہ کام کرسکیں جو فرنٹ کیمرے سے ممکن ہے۔

اس فون میں کوالکوم اسنیپ ڈراگون 845 پراسیسر، 10 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔

فوٹو بشکریہ ویوو
فوٹو بشکریہ ویوو

3500 ایم اے ایچ بیٹری اور یو ایس ٹائپ سی پورٹ فاسٹ چارجنگ کے لیے موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں : آئی فون ایکس اور گلیکسی ایس 9 کو ٹکر دینے والے فونز

یہ فون چین میں 29 دسمبر کو لگ بھگ 5 ہزار چینی یوآن (ایک لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا، دیگر ممالک کے حوالے سے فی الحال کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔

ویوو نے اس سے قبل حقیقی معنوں میں پہلا بیزل لیس اسمارٹ فون نیکس متعارف کرایا تھا جس میں متاثرکن 91.24 فیصد اسکرین ٹو باڈی ریشو، پوپ اپ کیمرہ اور ڈسپلے میں نصب فنگرپرنٹ اسکینر جیسے فیچرز دیئے گئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں