کشمیر خدا کا دیا گیا تحفہ ہے، بھارتی اداکار

13 دسمبر 2018
بولی وڈ اداکار ویب سیریز کی شوٹنگ کے لیے کشمیر گئے—فائل فوٹو: ہندوستان ٹائمز
بولی وڈ اداکار ویب سیریز کی شوٹنگ کے لیے کشمیر گئے—فائل فوٹو: ہندوستان ٹائمز

عالمی برادری کی توجہ کے منتظر کشمیر کو یوں تو دنیا کی جنت بھی کہا جاتا ہے، تاہم بولی وڈ اداکار ارجن رام پال نے پہلی بار مقبوضہ جموں و کشمیر کو دیکھنے کے بعد اسے خدا کا تحفہ قرار دے دیا۔

کشمیری خبر رساں ادارے ’رائزنگ کشمیر‘ کے مطابق ارجن رام پال اپنی آنے والی ویب سیریز کے لیے مقبوضہ کشمیر پہنچیں، جہاں انہوں نے ٹیم کے ساتھ شٹنگ میں حصہ لیا۔

رپورٹ کے مطابق ارجن رام پال آنے والی ویب سیریز ’دی فائنل کال‘ میں ایک ایسے بھارتی شخص کا کردار ادا کر رہے ہیں، جو ایک کشمیری شخص کا گہرا دوست ہوتا ہے۔

ویب سیریز کی شوٹنگ اگرچہ بھارت کے مختلف شہروں میں بھی کی جائے گی، تاہم اس کا کچھ حصہ کشمیر میں بھی شوٹ کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ شوٹنگ کے دوران ارجن رام پال نے مقامی صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے اب تک اس جیسی خوبصورت جگہ کہیں نہیں دیکھی۔

بھارت سمیت دنیا میں کہیں بھی کشمیر جیسی جگہ نہیں، اداکار—فوٹو: رائیزنگ کشمیر
بھارت سمیت دنیا میں کہیں بھی کشمیر جیسی جگہ نہیں، اداکار—فوٹو: رائیزنگ کشمیر

ارجن رام پال کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ کشمیر خدا کا دیا ہوا تحفہ ہے اور انہیں یہاں آکر واقعی احساس ہوا کہ یہ جگہ قدرت کی ہی ہے۔

بولی وڈ اداکار نے یہ بھی کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ فلم سازوں کو یہاں آکر فلموں کی شوٹنگ کرنی چاہیے۔

انہوں نے ماضی کے وقت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پہلے صرف فلموں میں ہی کشمیر کو دیکھا تھا، تاہم اب انہوں نے کشمیر کو دیکھا ہے تو وہ یہاں کے دیوانے ہوگئے۔

ارجن رام پال کے مطابق اب تو کشمیر میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر بھی بہتر ہوئی ہے اور بولی وڈ فلم سازوں کو یہاں آ کر شوٹنگ کرنی چاہیے۔

خیال رہے کہ ارجن رام پال کی ویب سیریز ‘زی فائیو‘ نامی ویب اسٹریمنگ چینل پر نشر کی جائے گی۔

ان کی اس ویب سیریز کی شوٹنگ سے قبل بھی متعدد بولی وڈ فلمیں کشمیر میں شوٹ کی جا چکی ہیں۔

فلم ساز یہاں آکر فلمیں بنائیں، اداکار—فوٹو: مارننگ کشمیر
فلم ساز یہاں آکر فلمیں بنائیں، اداکار—فوٹو: مارننگ کشمیر

تبصرے (0) بند ہیں